Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مجلس اتحاد المسلمین کے 61 سال مکمل ، بزم اتحادکا جشن

 مجلس نے عوام کو اویسی ہاسپٹل ، اسریٰ ہاسپٹل ، میڈیکل و انجینیئرنگ کالجز ،اویسی ایکسیلینسی اسکولز ، دارالسلام بینک جیسے اہم ادارے دیئے،احمد اویسی 
جدہ ( امین انصاری )کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے قیام کے 61 برس مکمل ہونے پر بزم اتحاد مدینہ منورہ کے اراکین نے صدر احمد الدین اویسی کی صدارت میں جشن کا اہتمام کیا ۔اراکین نے کیک کاٹ کر اپنی مسرت کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر احمد الدین اویسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 61 برس قبل حیدرآباد دکن میں مجلس اتحادالمسلمین کا احیاءایسے وقت عمل میں آیا جب دکن میں خوف و ہراس کا ماحول تھا ۔ پولیس ایکشن کے بعد اہل دکن ٹوٹ گئے تھے ان حالات میں فخر ملت مولانا عبدالواحد اویسی مرحوم نے مجلس کی باگ ڈور سنبھالی ۔ ان کے صاحبزادے سلطان صلاح الدین اویسی مرحوم نے مجلس کو کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے ٹائٹل سے ہندوستان میں آشنا کروایا ۔ مجلس نے صلاح الدین اویسی کے دور میں ترقی کی منازل طئے کرتے ہوئے غریب اور بے بس مسلمانوں کیلئے تعلیمی ، سماجی اور معاشی میدان میں جم کر محنت کی اور اللہ نے مجلس کو کامیابیوں سے ہمکنارکیا ۔ آج مجلس ایجوکیشن میں میڈیکل و انجینیئرنگ کالج ،اویسی ایکسیلینسی اسکولز ، بینک جیسے اہم اداروں کو اپنی نگرانی میں چلا رہی ہے ۔ صلاح الدین اویسی کے بعد اسد الدین اویسی اور اکبر الدین اویسی نے مجلس کی باگ ڈور سنبھالی اور اس کو انٹرنیشنل پیمانے پر شہرت دلانے میں اپنا اہم کردار ادا کیا ۔ آج یہ دونوں بھائی اسمبلی اور پارلیمنٹ میں ہندوستان کے مسلمانوں کی آواز بن کر حق و انصاف کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اب وہ دن دور نہیں جب مجلس ہندوستان کی تمام ریاستوں سے الیکشن لڑ کر نیشنل پارٹی بن جائے ۔انہوں نے اس موقع پر اپنی اور بزم اتحاد مدینہ منورہ کے اراکین کی جانب سے تمام اہل مجلس اور ہندوستان کے سیکولر عوام کو 61 ویں سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے اللہ کا شکر ادا کیا اور عوام سے اپیل کہ وہ مجلس سے جڑے رہیں اور اس کی ترقی میں اپنا بھرپور تعاون دیں ۔ تقریب میں شرکت کرنے والوں میں نذیر احمد ، فرید الدین اویسی ، دستگیر خان ، سید شاہ علی قادری ابرار شاہ ، امتیاز حسین ، سید عرفان ، نواز خان ، محمد عقیل کمال ، سید خالد حسین ، عبدالجبار ،دانش علی ، محمد لئیق علی اورحیدرآبادی کمیونٹی کی دیگر شخصیات موجود تھیں ۔
 

شیئر: