Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی عورت ذہین اور محنتی ہے، سفیر پاکستان

 
سیاسی ،ادبی،کاروباری ،صحت ،تعلیم،کھیل،آئی ٹی،سیاسی اور سفارتی میدان میں پاکستانی خواتین ملک کا نام روشن کر رہی ہیں
 
ریاض(ذکاءاللہ محسن)پاکستان کی ترقی کےلئے خواتین کو میدان میں آنا پڑے گا، پاکستانی خواتین گھریلو معاملات کے ساتھ دیگر شعبہ ہائے میں بھی نمایاں کارکردگی دکھا رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سفیر پاکستان منظور الحق نے خواتین کی ادبی تنظیم لیڈی چیپٹر کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عورت ذہین اور محنتی ہے جو ہر طرح کے حالات کا مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ ہماری خواتین مذہبی، معاشرتی اقدار کے مطابق معاشرے میں رہ کر ہر میدان میں آگے بڑھ رہی ہیں،جو باقی دنیا کی خواتین سے کسی صورت پیچھے نہیں ہیں۔سیاسی ،ادبی،کاروباری ،صحت ،تعلیم،کھیل،آئی ٹی،سیاسی اور سفارتی میدان میں پاکستانی خواتین ملک کا نام روشن کر رہی ہیں۔ اس کی عملی مثال محترم فاطمہ جناح، محترمہ رعنا لیاقت علی خان، بے نظیر بھٹو، اسٹیٹ بینک کی سابقہ گورنر شمشاد اختر، خوشبو کی شاعرہ پروین شاکر، بلقیس ایدھی سفارتی سطح پر ملیحہ لودھی کا نام سرفہرست ہے جو کے دیگر خواتین کےلئے رول ماڈل کا درجہ بھی رکھتی ہیں ہمارے معاشرے میں اب بھی بہت سی پڑھی لکھی خواتین صرف گھریلو معاملات تک محدود ہیں ۔آج کل کے دور میں اگر خواتین میدان میں نہیں آئیں گی تو معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ میاں بیوی دونوں ملکر زندگی کی گاڑی کو چلاتے ہیں ان کی کامیاب زندگی کا انحصار ایک دوسرے کے ساتھ عملی میدان میں تعاون پر منحصر ہے۔ تقریب سے بیگم نگہت منظور نے بھی خطاب کیا ۔ان کا کہنا تھا کہ اگر کامیاب مرد کے پیچھے عورت کا ہاتھ ہوتا ہے تو وہیں پر ہر کامیاب عورت کے پیچھے بھی مرد کا ہاتھ یقینی ہے کیونکہ اگر عورت کو اپنے والد، بھائی اورخاوند کا تعاون ملے تو وہ زندگی کے ہر شعبے میں کامیابی حاصل کر سکتی ہے۔لیڈی چیپٹر کی کنوینیئر فرح احسن نے تقریب میں بڑی تعداد میں آنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عورت کائنات کی خوبصورت تخلیق ہے جس کی وجہ سے معاشروں کی تشکیل ممکن ہوتی ہے۔عورت ماں، بہن، بیٹی اور بیوی کے روپ میں ہر کردار سے گزرتی ہے اور وہ اپنے تمام کرداروں کو بڑی خوش اسلوبی سے نبھا رہی ہے۔ لیڈی چیپٹر کی خواتین بھی سعودی عرب میں اپنے اپنے شعبوں میں رہ کر کمیونٹی کی خدمت کر رہی ہیں۔ انہوں نے پاکستان رائٹر کلب کے ایڈوائزر فیض احمد نجدی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے لیڈی چیپٹر کی بنیاد رکھی جس کی وجہ سے خواتین کو مزید اچھا کام کرنے کا مواقع فراہم ہوئے ۔پاکستان رائٹر کلب کے صدر روف مغل نے تقریر کرتے ہوے کہا کہ لیڈی چیپٹر میں شامل خواتین عرصہ دراز سے ادبی تقریبات کا انعقاد کرکے مختلف موضوعات کو زیر بحث لا کر معاشرتی اچھائیوں اور برائیوں کو اجاگر کرتی رہتی ہیں جو ایک خوش کن امر ہے اس سے بہت سی چیزوں کا ادراک ہوتا ہے انھوں نے سفیر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوے کہا کہ سفارت خانے کی جانب سے ہمیشہ انہیں جس تعاون کی ضرورت ہوتی ہے اس سے بڑھ کر تعاون ملتا ہے جس کیلئے وہ ہمیشہ سفیر پاکستان منظور الحق اور ان کی ٹیم کے مشکور ہیں۔ تقریب میں ڈرامائی انداز میں خاکے بھی پیش کئے گئے جن میں دکھایا گیا کہ عورت صنف نازک ہونے کے باوجود معاشرتی برائیوں کا مقابلہ کرتی ہے اور کبھی کبھار نامساعد حالات میں زندگی بسر کرنے پربھی مجبور ہو جاتی ہے۔ عورت ہمت، اور حوصلے کا دوسرا نام ہے جس کو قدرت نے بے مثال صلاحیتوں سے نوازا ہے جو دن رات بچوں اور دیگر اہل خانہ کی دیکھ بھال بھی کرتی ہے اس کے باوجود عورت کے حقوق کو سلب کیا جاتا ہے جبکہ ہمارے دین میں عورت کو مرد کے ساتھ مساوی حقوق دیئے گئے ہیں۔تقریب کی نظامت کے فرائض مدیحہ ملک، عاصمہ طارق، نے انجام دیئے۔ اس کے علاوہ ،عاصمہ طارق، عنبرین فیض،مدیحہ نعمان،شمائلہ ملک،الماس۔ممتاز،قندیل ایمن،ریم القریشی ،شاہین جاوید،ڈاکٹر فرح ندا ،مہوش زاہد نے،تقریب میں ہونے والے خاکوں میں اہم کردار ادا کیاتقریب میں محفل موسیقی کی محفل نے حاضرین کو خوب محظوظ کیا ۔
 

شیئر: