Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انٹرنیشنل انڈین اسکول ریاض کی سالانہ تقریب

 
 اسکول پرنسپل ایم کے عبدالعزیز نے سالانہ رپورٹ پیش کی ، طلباءو طالبات نے کلچرل پروگرام پیش کیا،بہترین کارکردگی پر انعامات
 
کے این واصف ۔ ریاض
 
انٹرنیشنل انڈین پبلک اسکول ریاض کی سالانہ تقریب میں سفیر ہند احمد جاوید اور انکی اہلیہ شبنم جاوید مہمانان خصوصی تھے۔ مملکت میں ہندوستانی اسکولز کیلئے سفارتخانہ کی جانب سے نگراں ڈاکٹر حفظ الرحمان کے علاوہ دیگر سفارتکار، اولیائے طلباءاور ریاض کی شخصیات بھی شریک تھیں۔
اسکول کے پرنسپل ایم کے عبدالعزیز نے سالانہ رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اسکول پچھلے کئی سال سے دسویں جماعت کے بورڈ امتحان میں سو فیصد کامیابی کا ریکارڈ قائم کئے ہوئے ہے۔ نیز CBSEبارہویں جماعت کے نتائج بھی ہر سال95 فیصد سے زائد رہے ہیں۔ اسپورٹس سرگرمیوں، تقریری مقابلوں، CBSE کلسٹر میٹ، سائنس اولمپیارڈ میں بھی اسکول کے طلباءو طالبات نے شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ اسکول کے چیئرمین نواز عبدالرشید نے اس موقع پر کہا کہ اسکول انتظامیہ نے 15ہزار مربع میٹر زمین اسکول کی نئی بلڈنگ کی تعمیر کیلئے خرید لی ۔ تعمیراتی کمپنی کو بلڈنگ تعمیر کرنے کا ٹھیکہ بھی دیدیا ۔ اسی ماہ میں باضابطہ کنٹریکٹ پر بھی دستخط کردئیے۔ انہوں نے بتایا کہ تعلیمی معیار میں کمزور بچوںکو نارمل سطح پر لانے کیلئے اسکول نے خصوصی کلاسز کا انتظام کیا ہے تاکہ کمزور طلباءبھی نارمل سطح پر آسکیں۔ شخصیت سازی پروگرام کے سلسلے میں اسکول نے ایک کلب قائم کیا ہے جہاں طلباءو طالبات کی شخصیت سازی کی تربیت کی جاتی ہے۔ والدین کی سہولت کیلئے اسکول بسوں میں GPSسسٹم نصب کیا گیا ہے ۔ سفیر ہند احمد جاوید، مسز شبنم جاوید نے طلباءو طالبات کو انکی بہترین کارکردگی پر انعامات سے نوازا۔ نیز 10تا 20سال خدمات انجام دینے والے ٹیچرز کو بھی یادگاری تحفے اور انعامات دیئے گئے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیر ہند احمد جاوید نے اسکول انتظامی کمیٹی کو نئی بلڈنگ کی تعمیر کیلئے مبارکباد دی۔ احمد جاوید نے انتظامی کمیٹی سے کہاکہ وہ ہر معاملے میں شفافیت قائم رکھیں۔ انہوں نے والدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بچوں کی تعلیم پر بھرپور توجہ دیں۔ہمیشہ ٹیچرز اور اسکول کے رابطے میں رہیں۔ اسکول کے اسٹیج کو خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔ فوکس لائٹس کا نظام دیدنی تھا۔ ابتداءمیں اسکول کے طلباءو طالبات نے رنگا رنگ کلچرل پروگرام پیش کیا۔ پروگرام کی نظامت خود طلباءنے کی۔ آخر میں وائس پرنسپل شبانہ پروین نے شکریہ ادا کیا۔
******

شیئر: