وہ سپر فوڈز جو جلد پر حیرت انگیز اثرات مرتب کرتی ہیں
ہماری جلد ڈسپلن مانگتی ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہر گھنٹے بیوٹی پروڈکٹ کا استعمال شروع کردیا جائے بلکہ متناسب اور صاف ستھری خوراک کے استعمال کے ذریعے جلد کو خوبصورت اور چمکدار بنایا جا سکتا ہے ۔ ایسی بہت سی غذائیں موجود ہیں جو جلد پر براہ راست اثرات مرتب کرتی ہیں اور اگر آپ ان غذاؤں کو اپنی روزمرہ کی خوراک میں شامل کرلیں تو یہ وزن کنٹرول کرنے کے ساتھ جلد کو خوبصورت بنانے میں مددگار ثابت ہونگی ۔
ہرے پتوں والی سبزیاں وہ سوپر فوڈز ہیں جو جلد کو ضروری غذائی اجزا فراہم کرتی ہیں ۔ پالک وٹامن کے اور زنک سے بھرپور ہوتی ہے اور جسم میں دوران خون کو بہتر بناکر انفلامیشن کو کم کرنے اور جلد کو خشکی اور ایکنی سے محفوظ رکھتی ہے ۔ ہرے پتوں والی سبزیاں نہ صرف میٹابولیزم اور ہاضمے کو بہتر بناتی ہے بلکہ جلد کو بھی خوبصورتی اور رعنائی بخشتی ہیں ۔
ٹماٹر جلد کی خوبصورتی کے لیے بہترین پھل ہے ۔ یہ صرف کھانوں کو ہی لذت نہیں دیتا بلکہ جلد پر سے بڑھتی عمر کے اثرات کو کنٹرول کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ ٹماٹرلائکوپین کا بہترین ذریعہ ہے اور لائکوپین اینٹی ایجنگ اینٹی اوکسیڈنٹ ہے ۔ ٹماٹر وٹامن کے ، اے ، بی ون ، بی سیون ، سی , زنک ، پوٹاشیم ، فاسفورس ، آئرن ، فولیٹ اور میگنیشیم فراہم کرنے کا بہترین ذریعہ ہے لہذا صحت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ جلد کو خوبصورتی بھی فراہم کرتا ہے ۔
بادام قدرتی وٹامن ای فراہم کرنے کا اہم ذریعہ ہے ۔ دن میں 10 سے 15 بادام روزانہ استعمال کرنے سے جلد خشکی ، جھریوں اور بڑھتی عمر کے اثرات سے محفوظ رہتی ہے ۔ وٹامن ای اور کیلشیم کی کثیر مقدار ہونے کے سبب یہ کولیجن کی پیداوار میں مدد دیتا ہے جو اسے بالوں ، دانتوں ، ناخنوں اور جلد کے لئے بہترین سوپر فوڈ ثابت کرتے ہیں ۔
سیلمن میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈ کثیر مقدار میں پائے جاتے ہیں جو امراض قلب اور بلڈ پریشر کے مسائل سے محفوظ رکھنے کے لیے ضروری ہیں ۔ یہ فیٹی ایسڈز کولیجن پروٹین کی پیداوار میں مدد دیتے ہیں اور اس طرح جلد کو صحت مند اور جھریوں سے پاک بناتے ہیں ۔ اس کے علاوہ سیلمن میں سیلینیم بھی پایا جاتا ہے جو جلد کو سورج کی نقصان دہ شعاعوں سے محفوظ رکھتا ہے اور جلد کی نمی کو برقرار رکھتے ہوئے اسے نرم و ملائم بناتا ہے ۔ یہ سپرفوڈ اپنے اندر وٹامن ڈی کی بھی کثیر مقدار سموئے ہوئے ہوتی ہے جو کیلشیم ، میگنیشیم اور فاسفیٹ کے ہڈیوں میں جذب ہونے میں مدد دیتا ہے ۔
مالٹے وٹامن سی سے بھرپور ہوتے ہیں اور جلد کے لیے بہترین کلیننگ ایجنٹ ثابت ہوتے ہیں ۔ مالٹے جلد کی ساخت کو بہتر بناتے ہیں اور کولیجن کو بحال کرکے جلد کی ٹون کو بہتر اور جلد کو جھریوں سے پاک بناتے ہیں ۔ ماہرین دن میں کم از کم ایک مالٹا ضرور کھانے کا مشورہ دیتے ہیں ۔