نئی دہلی۔۔۔۔مشرقی دہلی کے لکشمی نگر علاقے میں دل دوز واقعہ پیش آیا ۔ للیتا پارک کے ایک مکان میں رہائش پذیر خاتون نے تیسری منزل سے اپنے 2بچوں کو نیچے پھینک کر خود بھی چھلانگ لگادی۔این بی ٹی کے مطابق خاتون عالیہ اور بچوں کے چیخنے کی آواز سن کر پڑوسیوںاور محلے والوںکی بھیڑ جمع ہوگئی۔ بیٹا زمین پر گرا ہوا تھا جبکہ ماں اور بیٹی عمارت کی پہلی منزل کی بالکنی میں زخمی حالت میں پڑی ہوئی تھیں۔اطلاع ملتے ہی پولیس اور اعلیٰ افسران جائے وقوعہ پر پہنچ کر ماں بچوں کو فوراًاسپتال پہنچایاجہاں ڈاکٹروں نے دونوں بچوں کو مردہ قراردیدیا جبکہ ماں کی حالت انتہائی نازک ہے۔انکی عمریں 3اور 6سال کے درمیان بتائی جارہی ہیں ۔ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا کہ شوہر منور علی سے عالیہ کا جھگڑا ہوگیا تھا جس کے بعد خاتون نے طیش میں آکر انتہائی قدم اٹھایا۔ایس ڈی ایم نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیدیا۔بچوں کی لاشیں طبی معائنے کیلئے بھیج دی گئیں تاکہ پتہ لگایا جاسکے کہ کہیں قتل کے بعد عمارت سے نیچے تو نہیں پھینکا گیا۔پولیس نے منورکیخلاف رپورٹ درج کرکے گرفتاری کی کارروائی شروع کردی۔
مزید پڑھیں:- - - - -مخالفین کیلئے نازیبا الفاظ استعمال کرنے سے باز رکھا جائے،الیکشن کمیشن سے مطالبہ