بریگزٹ ڈیل: برطانوی پارلیمنٹ متبادل حل تک پہنچنے میں ناکام
لندن : برطانوی ایوان نمائندگان یورپی یونین سے علیحدگی کے منصوبے کے ممکنہ متبادل حل پر اتفاق رائے پیدا کرنے میں ناکام ہوگئے۔ یورپی یونین سے برطانیہ کی علیحدگی کے طریقہ کار پر جمود کی کیفیت مسلسل جاری ہے۔
بی بی سی لندن کی عربی سروس کے مطابق برطانوی ارکان پارلیمنٹ یورپی یونین کے قائدین کے ساتھ یونین سے علیحدگی سے متعلق وزیراعظم تھریسا مے کے مجوزہ سمجھوتہ3بار مسترد کرچکے ہیں۔
ابھی تک پارلیمنٹ نے کسی بھی مجوزہ متبادل حل کی حمایت نہیں کی۔نئے استصواب رائے کی تجویز پر 292 ممبران نے حمایت اور280 نے مخالفت میں ووٹ دیئے ہیں جبکہ کسٹم یونین کے قیام سے متعلق تجویز 273کے مقابلے میں 276ووٹوں کی اکثریت سے مسترد کردی گئی۔
برطانوی ممبران پارلیمنٹ میں سے 282نے یورپی یونین سے علیحدگی کے بعد مشترکہ منڈی میں رہنے سے متعلق تجویز کے حق اور 216 نے مخالفت میں ووٹ دیئے۔
برطانوی وزیراعظم تھریسا مے کو 12اپریل تک یورپی یونین سے علیحدگی کے مذاکرات میں توسیع یا کسی معاہدے کے بغیر یورپی یونین کو خیر باد کہنے یا کوئی اور راستہ اپنانے کا فیصلہ کرنا ہوگا۔