ٹیکس ایمنٹسی اسکیم لا رہے ہیں،اسدعمر
اسلام آباد...وفاقی حکومت نے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کا اعلان کردیا۔ وزیر خزانہ اسد عمرنے کہا ہے کہ ملکی اور غیر ملکی اثاثوں کو ظاہر کرنے کے لئے ٹیکس ایمنسٹی ا سکیم بجٹ سے پہلے لائی جائے گی۔
خبر رساں ایجنسی آن لائن کے مطابق منگل کو اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ کاروباری اور ٹیکس ایمنٹسی ا سکیم کا پر زور مطالبہ کررہی ہے ٹیکس ایمنسٹی ا سکیم بجٹ سے پہلے لارہے ہیں جس کے خدو خال تیار کئے جارہے ہیں۔ تمام اسٹیک ہولڈرز سے بات چیت جاری ہے۔ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم ملکی اور غیر ملکی اثاثوں کو ظاہر کرنے کیلئے لائی جائے گی۔ سیاستدانوں اور سول سرونٹس کو بھی ایمنسٹی سے فائدہ اٹھانے کی تجویز ہے۔ غیر ملکی اکاونٹس کے ذریعے پیسہ باہر بھجوانے کے لئے بھی ترمیم لا رہے ہیں
انہوں نے کہا کہ میںچاہتاہوں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں حکومت طے نہ کرے حکومت بجٹ میں ٹیکس اور لیوی طے کردے ۔حکومت کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کیلئے مداخلت نہ کرنی پڑے۔ انہوں نے کہاکہ سرکاری فیصلے بند کمروں میں نہیں ہوتے۔ معیشت سے متعلق تمام فیصلے میں خود کررہا ہوں ۔ پاکستان اسٹیل کی بحالی کا منصوبہ پیر کو ای سی سی کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا ۔ پی آئی اے کی بحالی کا مجوزہ منصوبہ مجھے دکھایا گیا میں نے اس میں کچھ ترامیم تجویز کی ہیں۔ نئے منصوبے کی تیاری میں کچھ وقت لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے جہانگیر ترین پر سرکاری عہدہ سنبھالنے پر پابندی لگائی ہے۔ اس کا یہ مطلب نہیں کہ اب وہ سانس بھی نہیں لے سکتے۔ وزیراعظم کابینہ کے اجلاس میں کسی کو بھی بلا سکتے ہیں ۔ جہانگیر ترین وزیراعظم کی اجازت سے کابینہ کے اجلاس مین شریک ہوئے۔ جہانگیر ترین اس ملک کے شہری ہیں۔
انہوں نے کہاکہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا تعین نیپرا کرتا ہے۔ اب بھی وہی کرے گا ۔ (ن) لیگ کے دور میں پیدا ہونے والی بجلی کے ٹیرف کا تعین نیپرا کررہا ہے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں کہ یہ آئی ایم ایف کا آخری پروگرام ہو۔ آئندہ بجٹ میں نان فائلر پر ود ہولڈنگ ٹیکس ختم کردیں گے۔