Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض: راحت اور عاطف اسلم کا کنسرٹ جس نے سرحدیں مٹا دیں

پاکستانی گلوکاروں عاطف اسلم اور راحت فتح علی خان نے ریاض سیزن کے تحت شاندار کنسرٹ کر کے پاکستانی اور انڈین تارکین وطن کے دل موہ لیے۔ کنسرٹ کے ٹکٹ کئی روز قبل فروخت ہو چکے تھے۔
عرب نیوز پاکستان کے مطابق پاکستان اور انڈیا کے 20 ہزار تارکین وطن نے تمام اختلافات کو بھولتے ہوئے عاطف اسلم اور راحت فتح علی خان کے کنسرٹ میں شرکت کی۔
یہ ایونٹ ریاض سیزن کا حصہ تھا اور دونوں ممالک کے شہریوں نے اسے منعقد کروانے اور انہیں ایک جگہ پر اکٹھا کرنے پر سعودی عرب کی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کا شکریہ ادا کیا۔

کنسرٹ میں پاکستانی تارکین وطن اور مقامی افراد نے بھرپور شرکت کی۔ (فوٹو: ٹویٹر)

کنسرٹ میں پاکستانی تارکین وطن اور مقامی افراد کی بھر پور شرکت نے ایسا ماحول پیدا کیا کہ شرکا میوزک پر دیر تک جھومتے رہے۔ 
پاکستانی سنگر، موسیقار اور اداکار عاطف اسلم نے اپنے کئی شہرہ آفاق گیت سنا کر حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ اسی طرح راحت فتح علی خان نے بھی اپنے فن کے خوب جوہر جگائے۔
عاطف اسلم نے نان سٹاپ گانے گا کر لوگوں کا دل جیت لیا اور کہا کہ ’میں نے ان برسوں میں آپ سب کو بہت مِس کیا ہے۔‘
راحت فتح علی خان نے لائیو آرکسٹرا کے ساتھ بالی وڈ کے مشہور گانے گائے۔

راحت فتح علی خان نے اپنے فن کے جوہر خوب دکھائے۔ (فوٹو: ٹویٹر)

ریاض میں مقیم ایک انڈین شہری اظہر علی نے کہا ’یہ بہت عزت کی بات ہے۔ میں اس عزت افزائی پر سعودی حکومت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ سعودی عرب میں رہنے والوں کے لیے اس سے پہلے اتنا بڑا ایونٹ کبھی منعقد نہیں کیا گیا۔‘
40 سالہ پاکستانی شہری مقصود علی نے کہا کہ ’اس (ایونٹ) سے ہمیں سوسائٹی میں مزید گھلنے ملنے کا موقع ملا ہے اور ہمیں اپنے ستاروں کو یہاں پرفارم کرتے ہوئے دیکھ کر شکر گزار ہیں۔‘
سوشل میڈیا پر پاکستانی اور انڈین تارکین کے لیے کنسرٹ رکھنے پر صارفین نے حکومت اور خاص پر انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کو خوب داد دی۔

 عاطف اسلم نے اپنے کئی شہرہ آفاق گیت سنا کر حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ (فوٹو: ٹویٹر)

 ایک پاکستانی شہری ندیم اختر نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’کنسرٹ میں میرے قریب بیٹھا شخص انڈین شہری ہے اور ہم ریاض سیزن کے زیر اہتمام ہونے والے اس پروگرام سے یکساں لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ موسیقی کی اس طاقت سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔‘

 

واضح رہے کہ 11 اکتوبر سے 15 دسمبر تک 70 روز جاری رہنے والے ریاض سیزن میں دنیا بھر سے آنے والے ثقافتی طائفے اور تفریحی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
 

شیئر: