Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

متروکہ ٹرین کو ہوٹل کی شکل دیدی گئی

  ٹوکیو ..... جاپان دنیا کا ایک ایسا ملک ہے جو اپنے یہاں سیاحت کو سب سے زیادہ اہمیت دیتا ہے کیونکہ اسکی اضافی آمدنی جو الیکٹرانکس اور دوسری ٹیکنیکل مصنوعات کی برآمد سے ہوتی ہے اسکا دوسرا بڑا ذریعہ سیاحت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ملک بھر میں جگہ جگہ تفریحی اور سیاحتی مقامات اور نئے نئے ہوٹل آئے دن تیار ہورہے ہیں مگر اب جدت پسندوں نے ایک ایسی مسافر ٹرین کو سیاحوں کی رہائش کے طور پر استعمال کرنا شروع کردیا ہے جو 2015ءتک ٹوکیو شہر اور سوپورو شہر کے درمیان 27برس تک چلنے کے بعد کھڑی ہوگئی تھی۔ اسے ایک خوبصورت ہوٹل میں تبدیل کردیا گیا ہے اوریہ ٹوکیو کے نواحی علاقے نیو تاشی کمرشل ایریا میں واقع ہے۔ ہوٹل کا افتتاح 31دسمبر 2016ءمیں ہوا ہے او راس میں اصل ٹرین کی متعدد پرانی چیزیں آج بھی جوں کی توں موجود ہیں۔ اسے 7منزلہ ہوٹل کے اندر رکھا گیا ہے ۔ اس میں المونیم کی بنی سیڑھیا ں،کھڑکیاں اور دروازے لگے ہوئے ہیں۔اسکا ایک حصہ خواتین سیاحوں کےلئے مختص کردیا گیا ہے تاہم 7منزلہ عمارت میں 3دوسرے رہائشی یونٹ بھی بنے ہوئے ہیں اس میں 2پرائیویٹ رومز بھی ہیں جنکے درمیان خوبصورت اور دبیز پردے لٹکادیئے گئے ہیں۔ یہاں قیام کا شبینہ کرایہ ڈھائی ہزار جاپانی ین ہے جو 17.7ڈالر کے برابر ہے۔ انتظامیہ نے اس میں 4سال سے کم عمر بچوں کا داخلہ ممنوع قرار دے رکھا ہے۔

شیئر: