Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان انٹرنیشنل اسکول الاحساء میں تقریب

 
 والدین بچوں کے لئے مضبوط سائبان کی طرح ہوتے ہیں،طلبہ محنت کو اپنا شعار بنائیں، لنک افسر شاہ فیصل کاکڑ کا خطاب 
 
جاوید اقبال ۔ ریاض
 
پاکستان انٹرنیشنل اسکول الاحساءکی سالانہ تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد ہوا۔ طلباءو طالبات کے لئے علیحدہ اجتماعات کا انتظام تھا۔ سفارتخانہ پاکستان میں اسکول کے لنک افسر شاہ فیصل کاکڑ مہمان خصوصی تھے۔ اسکول مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین فضل ملک ، وائس چیئرمین ظہور الحسن اور پرنسپل پاکستان انٹرنیشنل اسکول الخبر پروفیسر نیاز احمد چوہدری کے علاوہ طلباءاور انکے والدین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ عابد حنیف کی تلاوت قرآن پاک سے تقریب کا آغاز ہوا۔ محمد حمزہ شامی اور سید عواب حسین نے تلاوت کلام پاک کے اردو اور انگریزی میں تراجم پیش کئے ۔ حسن مصطفی نے احادیث مبارکہ سنائیں۔
اسکول پرنسپل پروفیسر مشتاق احمد خان نے ادارے کی تعلیمی سرگرمیوں پر رپورٹ پیش کی۔ متین فاطمہ اور خوش بخت ظفر نے سونے کے تمغے حاصل کئے جبکہ مظہر ارشد علی نے ثانوی امتحان سال اول میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ پروفیسر مشتاق احمد خان نے شاندار نتائج کے حصول پر اسکول اساتذہ کا شکریہ ادا کیا۔ ادارے کی غیر نصابی سرگرمیاں واضح کرنے کیلئے ننھے بچوں نے ٹیبلو پیش کئے۔
اس موقع پر اسکول انتظامیہ کے ارکان اور اساتذہ کی مساعی کے اعتراف میں انہیں شیلڈز اوراسناد دی گئیں۔ ارشد علی، لیاقت علی، اکرم الہیٰ بٹ اور محمد طیب اکبر کو سروس ایوارڈز دیئے گئے ۔صد فیصد نتائج حاصل کرنے پر ا ساتذہ سلیم بھٹی، ارشد علی ، عطاءاللہ خان، محمد طیب اکبر ، امین خان، ناصر احمد، عمران خان، فائزہ حامد، راشدہ ارشد اور سلمیٰ بانو کو اسناد دی گئیں۔پرنسپل پاکستان اسکول الخبر اور مہمان خصوصی پروفیسر نیاز احمد چوہدری کو اعزازی شیلڈز فضل ملک اور پروفیسر مشتاق احمد خان نے پیش کیں۔
اپنے خطاب میں شاہ فیصل کاکڑ نے واضح کیا کہ الاحساءاسکول کے نتائج مملکت میں قائم پاکستانی تعلیمی اداروں میں نمایاں حیثیت رکھتے ہیں۔ یہ سب پرنسپل اور اساتذہ کی اعلیٰ کارکردگی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ والدین اپنے بچوں کے لئے مضبوط سائبان کی طرح ہوتے ہیں۔ انہوں نے طلباءکو نصیحت کی کہ انہیں محنت کو اپنا شعار بنانا اور حصول تعلیم کیلئے سنجیدہ رویہ اپنانا چاہئے۔
شاہ فیصل کاکڑ نے طلباءکو سفیر پاکستان منظور الحق کا پیغام بھی پہنچایا انکی کامیابیوں پر مبارکباد دیتے ہوئے یہ تلقین کی گئی تھی کہ وہ قائد اعظم اور حکیم الامت کے نظریات کو اپنائیں کیونکہ پاکستان کے نوجوانوں کو اس کی ضرورت ہے۔ منظور الحق نے اپنے پیغام میں اس حقیقت کی طرف بھی اشارہ کیا تھا کہ جس قوم کا رشتہ کتاب سے استوار رہتا ہے اسے ترقی کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ تقریب کا اختتام قومی ترانے پر ہوا۔ مہمان خصوصی اسکول پہنچے تھے تو انکا استقبال بچوں نے گلدستہ پیش کرکے کیا تھا۔ تقریب کی میزبانی کے فرائض وسام یاسین، آفاق احمد سبحانی، سید ارباب حسین، ثناءمحمد، امان طارق اور طلحہ عماد الدین نے ا دا کئے۔
******

شیئر: