Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حیدرآباد ٹیسٹ ،مرلی اور ویراٹ کی سنچریاں،3 وکٹ پر 356رنز

حیدرآباد دکن... ہند اوربنگلہ دیش کے درمیان واحد ٹیسٹ میچ کا پہلا دن ہندوستانی بیٹسمینوں کے نام رہا ۔ مرلی وجے اور ویراٹ کوہلی نے سنچریاں اسکور کرتے ہوئے کھیل کے اختتام تک3 وکٹوں کے نقصان پر 356 رنز بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ مرلی وجے 108رنز بناکر آوٹ ہوگئے کپتان ویراٹ کوہلی 111 رنز پر کھیل رہے ہیں۔ ان کے ساتھ اجنکیا رہانے بھی 45 رنز بناکر وکٹ پر موجود ہیں۔ چتیش واڑ پجارا نے بھی اچھی بیٹنگ کی اور 83 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ میچ کا ٹاس ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی نے جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا ۔ اگرچہ ہند کی پہلی وکٹ صرف 2 رنز پر گر گئی تھی جب لوکیش راہل تسکین احمد کی گیند پر بولڈ ہوگئے لیکن مرلی وجے اور چتیش واڑ پجارا نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 178 رنز کا اضافہ کرکے بنگلہ دیشی بولرز کو مسائل سے دوچار کردیا۔ پجارا 177 گیندوں پر 83 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر آوٹ ہوئے تو ویراٹ کوہلی نے ان کی جگہ سنبھالتے ہوئے بنگلہ دیشی بولرز کیخلاف کھل کر کھیلنے کا سلسلہ جاری رکھا۔ مرلی وجے 149 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کرنے میں کامیاب رہے جس میں ایک چھکا اور 11 چوکے شامل تھے تاہم وہ اس کے بعد اپنی اننگز کو زیادہ آگے نہیں بڑھا پائے انہیں تیج الاسلام نے 108 رنز پر بولڈ کردیا۔ ویراٹ کوہلی اور اجنکیا رہانے نے اس کے بعد مزید کوئی وکٹ نہیں گرنے دی۔ کوہلی سنچری مکمل کرنے میں بھی کامیاب ہوئے۔ پہلے دن کا کھیل اختتام کو پہنچا تو کوہلی 111 رنز اسکور کرچکے تھے۔ رہانے بھی نصف سنچری کے قریب ہیں اور 60 گیندوں پر 45 رنز بناچکے۔ بنگلہ دیشی کپتان مشفق الرحیم نے 7 بولرز کو استعمال کیا تاہم تسکین احمد، مہدی حسن اور تیج الاسلام ہی کامیاب ہوسکے اور ایک ، ایک وکٹ لے پائے۔ 
 

 

شیئر: