Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغانستان میں داعش کی موجودگی خطرہ ہے ،اعزاز چوہدری

اسلام آباد... امریکا کیلئے نامزد سفیر اور سابق سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہاہے کہ افغانستان میں داعش کی موجودگی سے پاکستان کو خطرہ ہے۔اسلام آباد ایئر یونیورسٹی میں خارجہ پالیسی پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ افغانستان میں داعش کی موجودگی پر ہمسایہ ملک ہونے کے ناتے پاکستان کو تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فرقہ وارانہ کالعدم تنظیموں کے خلاف بھی ایکشن شروع ہوچکا ۔ یہ تنظیمیں پاکستان کے خلاف ہیں۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کی جنگ پاکستان منتقل ہوجائے یہ قبول نہیں، افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات چاہتے ہیں۔اعزاز چوہدری نے کہا کہ ا فغانستان پر اربوں ڈالر خرچ کرنے کے باوجود وہاں امن قائم نہیں ہوا۔ آج افغانستان سے دہشت گرد اٹھ کر پاکستان میں آکر کارروائی کر رہے ہیں۔ پاکستان سپر لیگ جیسے ایونٹ کو متاثر کرنا چاہتے ہیں۔ اعزاز چوہدری نے کہا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر کوئی تنہا نہیں کر رہا۔ یہ ہندکا پروپیگنڈا ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے ذریعے پاکستان میں انقلاب برپا ہونے جارہا ہے۔ فطری طور پر کچھ قوتوں کو اس پر تکلیف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات میں اتار چڑھاوآتا رہا ہے تاہم پاکستان امریکا کو اہم ملک سمجھتا ہے

شیئر: