Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پنجاب میں بھی رینجرز کو اختیارات دینے کا فیصلہ

 لاہور...پنجاب میں رینجرز کو دہشت گردی کے خلاف آپریشن کیلئے اختیارات دینے کا فیصلہ کرلیا گیا ۔وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اتوار کو صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا۔مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ، صوبائی وزیرانسداد دہشت گردی محمدایوب، ڈی جی رینجرز میجر جنرل اظہر نوید حیات سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے اقدامات پر غور کیا گیا۔ دہشت گردی کے خلاف پنجاب میں بھی رینجرز کو اختیارات دینے ، کالعدم تنظیموں کے خلاف بلاتفریق آپریشن، کالعدم تنظیموں ک کے مالی ذرائع بند کرنے اور سہولت کاروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کا دائرہ وسیع کرنے اور اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تمام انٹیلی جنس اداروں کے درمیان تعاون میں مزید بہتری لانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ افغان مہاجرین کی غیر قانونی نقل وحرکت کو روکنے کے لئے بھی اقدامات اٹھانے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے۔ پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے یکسوئی کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔

شیئر: