Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چین: سونے کی کان میں پھنسے ہوئے 9 کان کن ہلاک

صوبہ شیڈونگ میں دو ہفتے قبل سونے کی کان میں دھماکے سے 22 کان کن پھنس گئے تھے۔ فوٹو اے ایف پی
چین میں سونے کی کان میں پھنسے ہوئے کان کنوں میں سے نو ہلاک ہوگئے ہیں۔ 22 کان کنوں میں سے گیارہ کو اتوار کے روز بحفاظت زندہ نکال لیا گیا تھا جن میں سے ایک کی طبیعت نازک بتائی گئی تھی۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق گذشتہ دو ہفتوں سے پھنسے ہوئے کان کنوں میں سے نو ہلاک ہو گئے ہیں۔
چین کے سرکاری ٹیلی ویژن ’سی سی ٹی وی‘ نے کہا ہے کہ 'گذشتہ روز اتوار کی دوپہر سے کان کنوں کی تلاش کا سلسلہ جاری ہے، نو پھنسے ہوئے کان کن بد قسمتی سے ہلاک ہو گئے ہیں۔'
چین کے صوبہ شیڈونگ میں دو ہفتے قبل سونے کی کان میں زیر زمین دھماکے کی وجہ سے 22 کان کن پھنس گئے تھے۔ امدادی کارکنوں نے مشکل حالات میں ان کان کنوں کی مدد کے لیے سرتوڑ کوششیں کی تھیں۔
دھماکے کے بعد ایک شخص شدید زخمی ہوا تھا اور سر پر چوٹ کی وجہ سے اس کے ہلاک ہونے کی بھی تصدیق کی گئی تھی۔
امدادی کارکنوں نے ڈرلنگ کر کے کان کنوں تک خوراک اور ادویات پہنچائی تھیں۔
اس آپریشن میں 600 سے زیادہ امدادی کارکنوں نے حصہ لیا تھا۔ امدادی کارکنوں نے جمعے کو کہا تھا کہ 'دیگر کان کنوں کو باہرلانے میں مزید دو ہفتے لگ سکتے ہیں۔ 
انہوں نے یہ بھی بتایا تھا کہ 'جس جگہ ڈرلنگ کی جا رہی ہے وہاں ایک بڑی رکاوٹ موجود ہے۔'
چین میں کان کنی کے واقعات معمول کی بات ہے۔ دسمبر میں چین کے جنوب مغربی شہر چوچنگ کی کان میں 23 کان کن پھنس کر ہلاک ہوگئے تھے۔

شیئر: