Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چھ عرب فلموں کی برلن فلم فیسٹول میں سکریننگ

منتخب کردہ عنوانات میں سے چار فلمیں خواتین ہدایت کاروں نے ڈائریکٹ کی ہیں۔(فوٹو ٹوئٹر)
بیروت میں پیدا ہونے والی ہدایت کار جوڑی جوانا ہیڈ جیوتھامس اورخلیل جوریج، مصری فلمساز آتین امین اور لبنانی ہدایت کار الیان الراھب ان سات فلمسازوں میں شامل ہیں جو 71 ویں برلن انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں اپنا نیا کام پیش کریں گے۔
مصری فلمساز شریف الزھیری، ارجنٹائین لبنانی جارج پیٹر بارباری اور فلسطینی ہدایت کار سماھر القاضی کی بنائی گئی فلمیں بھی سرکاری لائن اپ کا حصہ ہیں۔ منتخب کردہ عنوانات میں سے چار فلمیں خواتین ہدایت کاروں نے ڈائریکٹ کی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق ایک مشترکہ پروڈکشن لبنان، فرانس اور کینیڈا کو متحد کر رہی ہے۔ ہیڈجیوتھامس  اور خلیل جوریج کی فلم’میموری باکس‘ آئندہ فیسٹیول میں گولڈن بیئر ایوارڈ کے لیے مقابلہ کرے گی۔
یہ فلم جو اپنا عالمی پریمیئر بنا رہی ہے میں مانٹریال کی ایک ایسی والدہ کی کہانی بتائی گئی ہے جو 1980 کی دہائی کی لبنانی خانہ جنگی کے دوران نوعمری میں اپنے ماضی کی یادوں سے دوچار ہے۔ یہ لبنان میں پیدا ہونے والے فلم سازوں کی پانچویں فلم ہے۔
فیسٹیول کے پینورما سیکشن میں نمائش کرتے ہوئے الیان الراھب کی ’میگول وار‘ ایک لبنانی شخص کی کہانی بتاتی ہے جس کو جوانی کے دور میں معاشرے نے ظلم و ستم کا نشانہ بنایا تھا۔ اس شخص نے 1982 میں لبنان کی خانہ جنگی میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا تاکہ وہ معاشرے میں اپنا مقام حاصل کرے اور خود کو خاندان کے سامنے ثابت کرے۔
آتین امین کی فلم ’سعاد‘ جس کا آغاز 2020 کے کانز انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں ہونا تھا برلن کے پینورما سیکشن میں بھی دکھائی جائے گی۔ فلم میں بتایا گیا ہے کہ سوشل میڈیا کس طرح نوجوان لڑکیوں کی زندگیوں کو متاثر کرتا ہے۔

کورونا  کے باعث برلن فلم فیسٹیول کو دو مراحل میں تقسیم کیا گیا ہے۔(فوٹو ٹوئٹر)

پینورما سیکشن میں جارج پیٹر بارباری کی فلم ’ڈیتھ آف ورجن اینڈ دی سِن آف ناٹ لیونگ‘ بھی دکھائی جا رہی ہے۔ یہ جارج پیٹر بارباری کی بطور ہدایت کار پہلی فلم ہے۔ فلم کی کہانی ڈائریکٹر کی اپنی زندگی کے سچے واقعات پر مبنی ہے۔
سماھر القاضی کی فلم ’ایز آئی وانٹ‘ ایک دستاویزی فیچر ہے جو قاہرہ کی گلیوں میں اس کی سب سے بہترین دوست کے ساتھ  ہونے والی زیادتی کے بارے میں ہے۔ اس کی وجہ سے مصر میں بڑے پیمانے پر مظاہرے ہوئے تھے۔
فیسٹیول کے فورم کے توسیعی انتخاب میں 17 فلموں کے ساتھ ساتھ آرٹ انسٹالیشنز بھی دکھائے جائیں گے جس میں شریف الزھیری کی ساڑھے پانچ گھنٹے طویل دستاویزی فلم ’سیون ایئرز اراؤنڈ نیل ڈیلٹا ‘ شامل ہے۔
یہ فلم سات سال کی مدت میں مکمل ہوئی۔ فلم آدھی روڈ مووی اور آدھا سفر نامہ ہے۔
پوری دنیا میں جاری کورونا کی وبا کے باعث برلن انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کو دو مراحل میں تقسیم کیا گیا ہے۔
یکم تا پانچ مارچ تک ہونے والا ڈیجیٹل پروگرام اور جون میں ریڈ کارپٹ کا ایک براہ راست ایونٹ عوام کے لیے کھلا ہے۔

شیئر: