Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پارٹی پالیسی سے روگردانی، دو پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کی رکنیت ختم

دونوں اراکین صوبائی اسمبلی کی بنیادی جماعتی رکنیت ختم کر دی گئی ہے (فوٹو: روئٹرز)
حکومتی جماعت تحریک انصاف نے جماعتی حکمتِ عملی سے روگردانی کرنے کے الزام میں سندھ کے دو اراکین اسمبلی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں پارٹی سے نکالنے کا حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔
پی ٹی آئی کی طرف سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق سندھ کے صوبائی حلقے پی-ایس ون جیکب آباد-1 سے اسلم ابڑو اور پی-ایس-18/گھوٹکی-1 سے شہریار خان کو پارٹی سے نکالنے کا حکم نامہ جاری کیا گیا ہے۔
تحریک انصاف کی قائمہ کمیٹی برائے نظم و احتساب غربی سندھ، کراچی نے متفقہ فیصلہ جاری کیا ہے اور دونوں اراکین صوبائی اسمبلی کی بنیادی جماعتی رکنیت ختم کر دی گئی ہے۔

 

پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ سینیٹ انتخابات کے دوران اسلم ابڑو اور شہریار خان نے جماعتی احکامات سے روگردانی کی۔
دونوں اراکین سندھ اسمبلی کو اپنی صفائی پیش کرنے کا موقع دیا گیا اور
 ملزمان کی جانب سے صفائی پیش نہ کیے جانے پر ان کے خلاف کارروائی کی گئی۔
اس کے علاوہ الیکشن کمیشن سے رجوع کرکے دونوں اراکینِ سندھ اسمبلی سے اسمبلی رکنیت بھی واپس لیے جانے کی سفارش کی گئی۔
ملزمان قائمہ کمیٹی برائے نظم و احتساب غربی سندھ، کراچی کے اس فیصلے کے خلاف مرکزی سکیڈ کے روبرو سات روز میں اپیل دائر کرنے کے مجاز ہیں۔

شیئر: