Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خفیہ سیلفی؟ برطانیہ کی جاسوس ایجنسی ایم آئی فائیو اب انسٹاگرام پر

ایم آئی فائیو انٹیلی جنس افسران کے ساتھ آن لائن سوالات و جوابات کا سلسلہ شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے (فوٹو: فری پک)
برطانیہ میں خفیہ سرگرمیوں کا ادارہ ’ایم آئی فائیو‘ آج جمعرات کو اپنا آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ کھولنے جا رہی ہے جسے اتنا عرصہ مخفی رہنے والی اس ایجنسی کی جانب سے بڑا قدم سمجھا جا رہا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی نے برطانیہ کی پریس ایسو سی ایشن کے حوالے سے لکھا ہے کہ سکیورٹی سروس mi5official@ کے نام سے اپنا اکاؤنٹ بنائے گی اور اس اکاؤنٹ کو مفروضوں کے خاتمے کے لیے استعمال کرے گی اور اس کے ذریعے پہلے کبھی نہ دیکھی جانے والی محفوظ شدہ دستاویزات کا انکشاف کرے گی۔
پریس ایسوسی ایشن کے مطابق ’ایم آئی فائیو انٹیلی جنس افسران کے ساتھ آن لائن سوالات و جوابات کا سلسلہ شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے اور اس سوشل پلیٹ فارم کے ذریعے ادارے میں کیریئر کے مواقع کا فروغ چاہتی ہے۔‘
یہ اقدام ایم آئی فائیو کے نئے ڈائریکٹر جنرل کین میک کیلم کے اس بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ انتہائی خفیہ طریقے سے کام کرنے والی ایجنسی کو اپنے بارے میں کھل کر بات کرنے اور اسے نئی جہتوں تک لے جانا چاہتے ہیں۔
گذشتہ سال اپریل کے اواخر میں اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد اکتوبر میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا تھا کہ ’ہم میں سے بہت سے لوگ نظروں سے اوجھل رہنا چاہتے ہیں لیکن ہمیں اس کی ضرورت نہیں ہے، درحقیقت خود کو ظاہر کرنا مستقبل میں کامیابی کی چابی ہے۔‘
2018 میں پارلیمانی کمیٹی کی رپورٹ میں ملک کی جاسوس ایجنسی پر جدید برطانیہ کی نمائندگی کرنے میں ناکامی جبکہ خواتین اور اقلیتی برادری کی سینیئر عہدوں پر تقرری نہ کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

شیئر: