’مملکت میں صحت کی صورتحال دیگر ممالک سے بہتر ‘
جمعہ 15 اکتوبر 2021 19:29
تمام لوگ کورونا سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیرکی پابندی کریں- (فوٹو عاجل)
سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ دنیا کے بہت سے ممالک کے مقابلے میں مملکت میں صحت کی صورتحال تسلی بخش ہے۔
سبق، اخبار 24 اور عاجل کے مطابق وزیر صحت نے شہریوں اور مقیمین سے کہا کہ وہ کورونا سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیرکی پابندی جاری رکھیں۔
وزیر صحت کا جمعے کو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کہنا تھا کہ ’خدا کا شکر ہے کہ دنیا کے بہت سے ممالک کے مقابلے میں ہمارے یہاں صحت صورتحال تسلی بخش ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’تمام لوگ احتیاطی تدابیر کی پابندی کریں تب ہی ہم کورونا سے نمٹنے میں کامیاب رہیں گے‘۔
وزیر صحت کا کہنا تھا کہ ’ شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے شکر گزار ہیں جنہوں نے وبا سے نمٹنے کے لیے قائدانہ کردار ادا کیا اور اس حوالے سے خصوصی دلچسپی لی‘۔
’پری ٹیم کی انتھک محنت کے باعث آج ہم یہ کامیابیاں حاصل کرسکے‘۔
ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا کہ ’ایس او پیز میں نرمی کا فیصلہ صحت صورتحال کے جائزے کے بعد مشاورت سے کیا جاتا ہے‘۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں