Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مس یونیورس ہرناز سندھو کس اداکارہ کی بائیوپک میں کام کرنا چاہتی ہیں؟

ہرناز نے 70 ویں مس یونیورس مقابلے میں مس یونیورس کا تاج اپنے سر پر سجایا (فوٹو: اے ایف پی)
2021 میں مس یونیورس کا اعزاز اپنے نام کرنے والی ہرناز سندھو کا کہنا ہے کہ وہ اداکارہ پرینکا چوپڑا کی بائیوپک میں کام کرنا پسند کریں گی۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق بالی وڈ ہنگامہ کو انٹرویو دیتے ہوئے ہرناز سندھو نے کہا کہ وہ پرینکا چوپڑا سے بہت متاثر ہیں۔ جب ان سے یہ سوال کیا گیا کہ وہ کس اداکارہ کی زندگی کی کہانی پر مبنی فلم میں کام کرنا چاہیں گی تو انہوں نے پرینکا چوپڑا کا نام لیا۔
ہرناز سندھو نے کہا کہ ’میں اس (بائیوپک) کا حصہ بننا چاہوں گی۔ میرا خیال ہے کہ انہوں نے اپنے (زندگی کے) سفر سے مجھے متاثر کیا ہے اور وہ ہزاروں لوگوں کو متاثر کرتی رہیں گی۔‘
ہرناز سندھو اس سے پہلے بھی پرینکا چوپڑا کے لیے تعریفی جملے ادا کر چکی ہیں اور پرینکا چوپڑا نے بھی ان کی جیت پر خوشی کا اظہار کیا تھا۔
ہرناز نے 70 ویں مس یونیورس مقابلے میں مس یونیورس کا تاج اپنے سر پر سجایا۔
انڈیا کو مس یونیورس کا ٹائٹل 21 سال بعد ملا ہے، سنہ 2000 میں یہ اعزاز لارا دتہ کو حاصل ہوا تھا۔
اسرائیل کے شہر ایلٹ میں منعقد ہونے والے مقابلے میں ہرناز سندھو نے پیراگوئے اور جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والی حسیناؤں کو پچھاڑا۔
مس یونیورس کا ٹائٹل اپنے نام کرنے کے بعد ان کا ایک ویڈیو کلپ سامنے آیا تھا جس میں وہ یہ کہتی نظر آ رہی تھیں کہ ’مجھے پرینکا چوپڑا بہت پسند ہیں اس لیے میں ہمیشہ ان کا انتخاب کروں گی۔‘
انڈیا کی انٹرٹینمنٹ خبروں کی ویب ساٹ ریڈ ایف کو ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا تھا کہ ’پرینکا چوپڑا میری انسپائریشن ہیں، انہوں نے اپنا مقام بنایا اور نہ صرف مقابلہ حسن میں شرکت کی بلکہ اپنی اداکاری اور گلوکاری کے ذریعے انڈیا کی نمائندگی کی۔ میں ان کے نقش قدم پر چلنے کی امید رکھتی ہوں۔‘

شیئر: