Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعد الحریری سیاست سے دستبردار، پارلیمانی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان

اپنی پارٹی تیار المستقبل کو بھی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا مشورہ دیا ہے( فوٹو عرب نیوز)
لبنان کے سابق وزیراعظم سعد الحریری نے سیاست سے دستبردار ہونے اور پارلیمانی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے ’تیار المستقبل‘ جماعت میں شامل اپنے فیملی ارکان سے اپیل کی کہ وہ بھی ’ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سیاست سے علیحدگی اختیار کرلیں‘۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق تین مرتبہ لبنان کے وزیر اعظم رہنے والے سعدالحریری نے پیر کو پریس کانفرنس میں سیاست سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’ایران کے اثرونفوذ، بین الاقوامی انتشار،قومی تقسیم، فرقہ واریت کی آگ اور ریاستی لاپروائی جیسے حالات میں  لبنان کا کوئی مثبت کردار نظر نہیں آرہا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’سیاسی زندگی سے دستبردار ہورہا ہوں۔ انہوں نے اپنی سیاسی جماعت تیار المستقبل کو بھی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا مشورہ دیا‘۔
انہوں نے مزید کہا’ چاہتا ہوں کہ تیار المستقبل آئندہ پارلیمانی انتخابات میں امیدوار نامزد نہ کرے اور کسی بھی گروپ کے  نام سے الیکشن میں حصہ نہ لے‘۔ 
سعد الحریری نے کہا کہ ’ میرے والد رفیق الحریری کا منصوبہ دو نکاتی تھا۔ پہلا یہ کہ لبنان میں خانہ جنگی کو روکا جائے۔ دوسرا یہ کہ لبنانی عوام کے لیے بہتر زندگی کا سامان کیا جائے۔ پہلا مقصد حاصل کرنے میں کامیابی ملی جبکہ دوسرے مقصد میں ناکام رہا ہوں‘۔ 
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ’خانہ جنگی کو روکنے کے لیے مصالحت کا راستہ اختیار کیا اور اس حوالے سے متعدد اقدامات کا حصہ بننا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ ’اسی وجہ سے نہ صرف اپنی ذاتی دولت گنوائی بلکہ بیرونی دوستوں سے محروم ہوچکا ہوں۔ اندرون ملک بہت سے اتحادی مجھ سے دور ہوگئے ہیں۔ بعض رفقائے کار اور رشتہ دار تک الگ ہوگئے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’خانہ جنگی روکنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے مجھے ذاتی نقصان ہوا۔ ممکن ہے لبنانی عوام کو بہتر زندگی کی فراہمی کا ہدف بھی اسی وجہ سے پورا نہ ہوسکا ہو تاہم یہ فیصلہ تاریخ کرے گی‘۔ 

شیئر: