Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان پیپلز پارٹی کے عوامی مارچ کا رُوٹ پلان کیا ہے؟

آٹھ مارچ کو لانگ مارچ کے آخری مرحلے کا آغاز راولپنڈی سے ہوگا اور مختلف گزرگاہوں سے ہوتا ہوا اسلام آباد پہنچے گا (فائل فوٹو: اے ایف پی) 
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عوامی مارچ کے روٹ پلان کی منظوری دے دی ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کا عوامی مارچ کراچی سے 10 دن میں 34 مختلف شہروں سے ہوتا ہوا اسلام آباد پہنچے گا۔
 پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں عوامی مارچ کا آغاز کراچی میں مزار قائد سے اتوار 27 فروری کو صبح 10 بجے ہوگا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے عوامی مارچ کا رُوٹ پلان
عوامی مارچ ٹھٹھہ اور سجاول سے ہوتا ہوا بدین پہنچے گا جہاں پہلے دن کا اختتام ہوگا۔ بلاول کی سربراہی میں عوامی مارچ دوسرے روز 28 فروری پیر کو حیدرآباد، ہالا، نواب شاہ سے ہوتا ہوا مورو پر اختتام پذیر ہوگا۔
منگل یکم مارچ کو عوامی مارچ مورو سے خیرپور شہر پہنچے گا جہاں سکھر میں تیسرے دن کا اختتام ہوگا۔ مارچ کے شرکا بدھ کو لانگ مارچ کا آغاز سکھر سے کریں گے جہاں سے وہ براستہ گھوٹکی رحیم یار خان پہنچیں گے۔
پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے ذمہ داران کی میزبانی سے مارچ صوبہ پنجاب کے ذمہ داران کو منتقل ہوگا اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں تین مارچ جمعرات کو عوامی مارچ رحیم یار خان سے شروع ہوگا اور بہاول پور، لودھراں سے ہوتا ہوا ملتان میں ہونے والے بڑے عوامی اجتماع پر ختم ہوگا۔
جمعہ چار مارچ کو ملتان سے لانگ مارچ خانیوال اور چیچہ وطنی سے ہوتا ہوا ساہیوال پہنچے گا۔ مارچ کے شرکا اتوار پانچ مارچ سنیچر کو ساہیوال سے اوکاڑہ اور پتوکی سے ہوتے ہوئے لاہور میں داخل ہوں گے۔

بلاول بھٹو زرداری مختلف مقامات پر عوامی مارچ کے شرکا سے خطاب کریں گے (فائل فوٹو: پی پی پی ٹوئٹر)

چھ مارچ اتوار کو دوپہر ایک بجے ناصر باغ لاہور میں لانگ مارچ کے شرکا سے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو سمیت دیگر شرکا خطاب کریں گے۔ اس کے بعد لاہور کے ناصر باغ سے شیرانوالہ باغ گوجرانوالہ پہنچیں گے جہاں عوامی اجتماع سے خطاب ہوگا۔ لانگ مارچ چھ مارچ کو وزیرآباد میں اپنے دن کا اختتام کرے گا۔ 
سات مارچ پیر کو عوامی مارچ کا قافلہ وزیر آباد سے لالہ موسیٰ جائے گا، جہاں جہلم اور گوجر خان سے ہوتا ہوا راولپنڈی کے لیاقت باغ پر اپنے دن کا اختتام کرے گا۔ 
پیر آٹھ مارچ کو لانگ مارچ کا آغاز راولپنڈی سے ہوگا اور عوامی قافلہ مختلف گزرگاہوں سے ہوتا ہوا اسلام آباد پہنچے گا۔ 
دوسری جانب پیپلز پارٹی کی جانب سےلانگ مارچ کی تیاریاں زور شور سے جاری ہیں۔ سندھ بھر میں پیپلز پارٹی کی جانب سے لانگ مارچ کے شرکا کے استقبال کے لیے کیپمس قائم کردیے گئے ہیں۔
پرچم اور سائن بورڈز بھی آویزاں کیے گئے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی صوبائی قیادت صوبے کے مختلف حصوں میں ناصرف ریلیوں کا انعقاد کررہی ہے بلکہ جیالوں کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں مارچ میں شریک کرنے کی کوششیں بھی کررہی ہے۔

شیئر: