Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جب رنبیر نے دپیکا کو دھوکہ دینے کا اعتراف کیا

انڈین میڈیا میں یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ رنبیر کپور رواں ماہ عالیہ بھٹ سے شادی کر رہے ہیں (فوٹو: انسٹا گرام)
انڈین بالی وڈ سٹار رنبیر کپور کے معاشقوں کو دیکھتے ہوئے انہیں ’بالی وڈ کا بریڈ پِٹ‘ بھی کہا جاتا ہے۔
انڈین انٹرٹینمنٹ ویب سائٹ ’کوئی موئی‘ نے لکھا ہے کہ رنبیر کپور کا نام ماضی میں ممتاز اداکاراؤں کے ساتھ لیا جاتا رہا ہے جن میں کترینہ کیف، دپیکا پاڈوکون، سونم کپور اور مائرہ خان شامل ہیں لیکن خبریں گردش کر رہی ہیں کہ اداکارہ عالیہ بھٹ نے بالآخر رنبیر کا دل جیت ہی لیا۔
رنبیر کپور کے ماضی کے معاشقوں سے جڑا ایک تنازع ان کا دپیکا سے دھوکہ کرنا ہے۔ اس جوڑی کے درمیان معاشقے کا آغاز ’بچنا اے حسینو!‘ کے سیٹ پر ہوا جس میں کئی طرح کے اتار چڑھاؤ آئے، خاص طور پر جب رنبیر کپور کی کترینہ کیف سے قربتیں بڑھنے لگیں۔
رنبیر کپور نے 2011 میں ’سٹار ڈسٹ‘ میگزین سے گفتگو کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ انہوں نے دپیکا پاڈوکون سے دھوکہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ہاں میں نے اپنی ناسمجھی، ناتجربہ کاری، بہکاوے میں آنے کی وجہ سے چیٹنگ کی۔‘
’آپ کو اس وقت پتا چلتا ہے جب آپ سمجھدار ہو جاتے ہیں۔ اس وقت آپ اس بات کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں کہ کسی تعلق میں رہنے اور کمیٹڈ ہونے کا مطلب کیا ہے۔‘
اس سے قبل دپیکا پاڈوکون نے 2010 میں رنبیر کپور پر’چیٹنگ‘ کے الزامات عائد کیے تھے۔
انہوں نے ’ورو‘ میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’ماضی میں میرا دل ٹوٹا۔ جب اس نے پہلی بار مجھ سے دھوکہ کیا تو میں سمجھی کہ اس تعلق میں یا مجھ میں کوئی مسئلہ ہے لیکن جب کوئی اسے اپنی عادت بنا لے تو اس کا مطلب یہ ہوتا کہ مسئلہ اسی میں ہے۔‘
دپیکا نے اپنے انٹرویو میں یہ بھی کہا تھا جب انہوں نے رنبیر کپور کو رنگے ہاتھوں پکڑا تو یہ ان کے لیے آگے بڑھنے کا لمحہ تھا۔
واضح رہے کہ اس کے بعد دپیکا نے رنویرسنگھ کے ساتھ شادی کر لی تھی۔
 دوسری جانب انڈین میڈیا میں یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ رنبیر کپور رواں ماہ عالیہ بھٹ سے شادی کر رہے ہیں۔

شیئر: