Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مائیک ٹائسن نے جہاز میں بیٹھے مسافر پر مکے برسا دیے، ویڈیو وائرل

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
سابق عالمی باکسنگ چیمپیئن مائیک ٹائسن نے جہاز میں اپنے برابر میں بیٹھے شخص پر مکوں کی بارش کر دی جس کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے۔
جمعرات کو سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی ویڈیو میں 55 سالہ سابق امریکی باکسر کو ایک شخص کو مارتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ وہاں موجود ایک اور شخص مائیک ٹائسن کو روکنے کی کوشش کر رہا ہے۔
امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق واقعہ سان فرانسسکو کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے اڑان بھرنے والی پرواز کے دوران پیش آیا۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق مائیک ٹائسن کے ایک نمائندے نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلائٹ کے دوران ایک مسافر نے مائیک ٹائسن کو ہراساں کیا اور ان پر پانی کی بوتل بھی پھینکی۔
جہاز میں بیٹھی ایک اور مسافر کے مطابق انہوں نے مائیک ٹائسن کو تنگ کرنے والے شخص کو ایئرپورٹ پر دیکھا تھا جو جہاز میں بیٹھنے سے پہلے کافی شور مچارہا تھا۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by TMZ (@tmz_tv)

ان کا کہنا ہے کہ ’جب میں جہاز میں بیٹھی تو میں نے دیکھا کہ وہی نشے میں دھت شخص جہاز میں بھی بیٹھا ہے۔ وہ شخص مائیک ٹائسن کے بلکل پیچھے بیٹھا تھا اور میں نے ان دونوں کو بات کرتے ہوئے بھی دیکھا تھا۔‘
دوسری جانب سان فرانسسکو پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کو مقامی حکام تک پہنچا دیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس حوالے سے مزید تفصیل اس لیے نہیں دی جا سکتی کیونکہ اس کی تحقیقات جاری ہیں۔
خیال رہے مائیک ٹائسن باکسنگ کی تاریخ کے سب سے کم عمر ترین ہیوی ویٹ چیمپیئن تھے اور انہوں نے یہ اعزاز 20 سال کی عمر میں اپنے نام کیا تھا۔
سابق باکسر اس سے قبل بھی اس طرح کے تنازعات کا شکار رہے ہیں۔ 1997 میں ان کے باکسنگ مقابلے لڑنے پر عارضی پابندی لگائی گئی تھی کیونکہ انہوں نے ایک میچ کے دوران اپنے حریف کا کان کاٹ لیا تھا۔
اس طرح 90 کی دہائی میں انہیں ایک ریپ کیس میں تین سال جیل میں گزارنے پڑے تھے۔

شیئر: