Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خودکش دھماکے پر عرب ممالک کی سعودی عرب سے اظہار یکجہتی

عبداللہ الشہری کے خودکش دھماکے سے عمارت کے شیشے ٹوٹ گئے تھے۔ فوٹو: اے ایف پی
عرب ممالک نے جدہ میں ایک خودکش بمبار کی ہلاکت کے بعد سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سنیچر کو متحدہ عرب امارات نے ایک بیان میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے ’مملکت کی سلامتی اور استحکام کو لاحق تمام خطرات‘ کے خلاف اپنے موقف کا اعادہ کیا۔
جمعے کو عبداللہ الشہری نے اس وقت خودکش جیکٹ سے دھماکہ کیا جب حکام نے انہیں جدہ میں گرفتار کرنے کی کوشش کی جس سے ایک پاکستانی شہری اور تین سیکورٹی اہلکار زخمی ہو گئے تھے۔
امارات کی وزارت خارجہ نے سعودی سکیورٹی فورسز کی مستعدی اور عوامی تحفظ کو برقرار رکھنے کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
اردن نے مملکت کو ’اس کی سلامتی کے تحفظ کے لیے اٹھائے گئے ہر قدم میں‘ حمایت کا اظہار کیا۔
اردن کی وزارت خارجہ کے ترجمان ہیثم ابو الفول نے مملکت کے استحکام اور سلامتی کو درپیش خطرات سے نمٹنے میں سعودی سکیورٹی فورسز کی کوششوں کی تعریف کی۔
بحرین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سے شائع ہونے والے ایک بیان میں بحرین نے سعودی عرب کے ساتھ ’غیر متزلزل یکجہتی‘ کا اعادہ کیا اور سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے انتھک کوششوں کو سراہا۔
بحرین نے اس مطلوب شخص سے نمٹنے کے لیے سکیورٹی فورسز کے چوکس رہنے کی بھی تعریف کی جس نے اپنی گرفتاری کے دوران دھماکہ خیز بیلٹ سے دھماکہ کیا، جس سے چار افراد زخمی ہوئے۔
اسلامی تعاون کی تنظیم (او آئی سی) نے بم دھماکے کی مذمت کی اور مملکت کی حفاظت اور سلامتی کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی خطرے کے خلاف سخت کارروائی کی تعریف کی۔
دریں اثنا عرب پارلیمنٹ کے سپیکر عادل العصومی نے اپنی اہم تنصیبات کے تحفظ، دہشت گردی سے نمٹنے اور اپنے شہریوں اور غیر ملکیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مملکت کی فورسز کے چوکس اور مستعد رہنے پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔
جمعے کو سعودی سکیورٹی فورسز نے الشہری کا سراغ لگانے اور گرفتار کرنے کے آپریشن کا اعلان کیا، جو سنہ 2015 میں سعودی عرب میں ایک مسجد کو نشانہ بنانے والی دہشت گردانہ کارروائی میں ملوث اور نو مطلوب افراد میں شامل تھا۔
بیان کے مطابق عبداللہ الشہری کا نام مملکت میں حکام کی جانب سے گزشتہ سات برسوں سے ایک مطلوب شخص کے طور پر درج تھا۔

شیئر: