Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں فلم سازی کے لیے پیشہ ورانہ تربیتی کورس کا آغاز

تربیت کا پہلا مرحلہ نومبر اور دوسرا آئندہ سال جنوری میں شروع ہوگا (فوٹو: العربیہ نیٹ)
سعودی عرب میں فلمسازی کی پیشہ ورانہ تربیت کا پہلا پروگرام نومبر 2022 سے شروع ہو رہا ہے۔ 
العربیہ نیٹ کے مطابق 15 نوجوان سعودی  لڑکے اور لڑکیوں کو فلمسازی کے حوالے سے متعدد تربیتی کورس کرائے جائیں گے۔ انہیں سیٹ ڈیزائننگ کا ہنر سکھانے کے لیے ورکشاپس کا بھی اہمتام کیا جائے گا۔ 
فلمسازی کا یہ تربیتی پروگرام نیٹ فلکس اور ایس پی ٹی سعودی کمپنی کے تعاون سے منعقد ہوگا۔ 
فلمی اور ٹی وی پروڈکشن کے شعبے میں ٹریننگ کورس کرانے والے سپیشل سٹوڈیو سے یہ کام لیا جائے گا۔ اس کا صدر دفتر سعودی عرب میں ہوگا۔ 
اس کے تحت ورکنگ ٹیمیں تیار کی جائیں گی۔ اس پروگرام کی بدولت تیار ہونے والے سعودی فلمساز عالمی معیار کے مطابق کام سیکھیں گے۔ فلمی اور ٹی وی صنعت میں پیشہ ورانہ انداز سے کام کریں گے اور سعودی فلمسازوں کا اچھا نیٹ ورک تیار ہوگا۔ 
فلمسازی کا تربیتی پروگرام دو مراحل میں ہوگا۔ پہلے مرحلے کا آغاز نومبر  2022 میں ہوگا یہ 10 روز پر مشتمل ہو گا۔ اس کے تحت سیٹ ڈیزائننگ کے حوالے سے تربیت دی جائے گی۔ کورسز میں تکنیکی ہدایتکاری، سیٹ ڈیزائننگ اور تکنیکی آلات کے شعبوں پر زیادہ توجہ دی جائے گی۔  
دوسرا مرحلہ جنوری 2023 میں منعقد ہوگا۔ یہ بھی 10 روز پر مشتمل ہوگا۔ اس میں پروڈکشن ڈائریکٹرز اور معاون ہدایتکاروں کے حوالے سے کام ہوگا۔ 
پروگرام میں شریک ہر فرد کو نیٹ فلکس میں معاون ہدایتکار اور معاون پروڈکشن ڈائریکٹر یا تکنیکی ہدایتکار یا سیٹ ڈایزائنر کے طور پر کام کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ 
پروگرام کے حوالے سے سعودی کمپنی ایس پی ٹی کی ایگزیکٹیو چیئرپرسن ھاجر النعیم نے کہا کہ ’میں فلمسازی کے ابتدائی مرحلے کی عینی شاہد ہوں۔ میں نے عالمی درجے کے کام کرنے والے نوجوانوں کی سرپرستی میں حصہ لیا ہے۔ مجھے احساس ہے کہ فلمسازوں کی تیاری بڑا چیلنج ہے۔ نیا پروگرام اس حوالے سے اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔‘ 
نیٹ فلکس میں مشرق وسطی اور شمالی افریقہ کے حوالے سے اچھوتی تخلیقات کے امور کی ڈائریکٹر دینا نصار نے کہا کہ ’مملکت میں تفریحاتی صنعت پھل پھول رہی ہے۔ نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کے سامنے ایس پی ٹی اور نیٹ فلیکس کے ساتھ خود کو ثابت کرنے اور آگے بڑھنے کے اچھے مواقع مل رہے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ نئی نسل کے اندر جو صلاحیتوں سے بھری ہوئی ہے اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے نئے مواقع ملیں۔‘ 
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: