Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہمایوں سعید ’دی کراؤن‘ کے پانچویں سیزن میں، ’یہ تو چھا گئے ہیں‘

’دی کراؤن‘ کی کہانی ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم اور شاہی خاندان کے گرد گھومتی ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستانی اداکار ہمایوں سعید نیٹ فلکس کی ویب سیریز دی ’کراؤن‘ میں جلوہ گر ہوئے ہیں۔ وہ نئے ریلیز ہونے والے پانچویں سیزن کی مرکزی کاسٹ میں شامل ہیں۔
ہمایوں سعید ’دی کراؤن‘ میں پاکستانی نژاد برطانوی ڈاکٹر حسنات خان کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
نیٹ فلکس کی اوریجنل سیریز ’دی کراؤن‘ کی کہانی ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم اور شاہی خاندان کے گرد گھومتی ہے۔
ڈاکٹر حسنات احمد خان پاکستانی نژاد برطانوی شہری تھے جن کے بارے کہا جاتا ہے کہ اُن سے لیڈی ڈیانا محبت کرتی تھیں اور دونوں کے درمیان گہری دوستی تھی۔ لیڈی ڈیانا انھیں ’مسٹر ونڈرفل‘ کہہ کر پکارتی تھیں۔
’دی کراؤن‘ کا پہلا سیزن 2016 میں ریلیز کیا گیا تھا رواں ہفتے بدھ کو اس کا پانچواں سیزن ریلیز کیا گیا ہے۔
پاکستان میں یہ سیزن پہلے نمبر پر ٹرینڈ کر رہا ہے جبکہ ہمایوں سعید کسی بھی نیٹ فلکس اوریجنل میں کام کرنے والے پہلے پاکستانی اداکار ہیں۔
رواں سال ہمایوں سعید اور برطانیہ کا کافی تذکرہ رہا ہے۔
’دی کراؤن‘ میں کام کرنے کے علاوہ ہمایوں سعید رواں سال ’لندن نہیں جاؤں گا‘ میں بھی کام کر چکے ہیں۔
’لندن نہیں جاؤں گا‘ سنہ 2017 میں آنے والی سپرہٹ پاکستانی فلم ’پنجاب نہیں جاوں گی‘ کا سیکوئل تھا۔
ہمایوں سعید کی دی کراؤن میں اداکاری اور سیزن پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تبصرے بھی دیکھنے میں آ رہے ہیں۔
جرمنی میں تعینات پاکستانی سفیر ڈاکٹر محمد فیصل کہتے ہیں کہ ’ہمایوں سعید تو چھا گئے ہیں، دی کراؤن پاکستان میں ریلیز ہو گئی۔‘
ہمنا لکھتی ہیں کہ ’میرے خیال سے میں ساری رات اس وجہ سے جاگی ہوں کہ میں ہمایوں سعید کو دی کراؤن میں دیکھ سکوں۔‘
پاکستانی سینما نامی ہینڈل نے ہمایوں سعید کی دی کراؤن میں اداکاری کی تصاویر اپلوڈ کیں۔

شیئر: