Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فائنل سے قبل جوز بٹلر اور بابر اعظم دونوں ٹیموں کے بارے میں کیا کہتے ہیں؟

بابر اعظم کا کہنا ہے کہ پاکستان کے پاس دنیا کا بہترین بولنگ اٹیک ہے۔ (فوٹو: آئی سی سی)
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی20 ورلڈ کپ کا فائنل آج اتوار کو آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں کھیلا جائے گا۔
میگا ایونٹ کے فائنل سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتانوں کی باتوں سے یہ لگتا ہے کہ وہ میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں ایک انتہائی سخت مقابلے کی امید کر رہے ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم انگلینڈ کی کارکردگی اور صلاحیتوں کے معترف ہیں۔ کرک انفو کے مطابق بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ’انگلینڈ دنیا کی ایک بہترین سائیڈ ہے۔ ہم نے ان کے ساتھ جو حالیہ سیریز کھیلی تھی وہ ایک سخت مقابلہ تھا۔‘
انہوں نے انڈیا کے خلاف جوز بٹلر اور اور الیکس ہیلز کی جارحانہ بیٹنگ کی تعریف بھی کی لیکن ساتھ یہ بھی کہا کہ ’ہمارے پاس آج کی کرکٹ میں سب سے اچھا بولنگ اٹیک ہے۔‘
خیال رہے انگلینڈ انڈیا کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچا تھا جبکہ پاکستان نے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو ہراکر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔
پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں رواں سال ستمبر اور اکتوبر میں سات ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کھیل چکے ہیں اور یہ سیریز 3-4 سے انگلینڈ نے جیت لی تھی۔
انگلش کرکٹ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر کا کہنا ہے کہ ’ہم ایک دوسرے کے خلاف حالیہ وقت میں کافی کرکٹ کھیل چکے ہیں لیکن وہاں مختلف کنڈیشنز تھیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’میلبرن کا میچ پاکستان میں کھیلی جانے والی سیریز سے بلکل مختلف ہوگا۔ ہمیں پتہ ہے کہ ہمارا مقابلہ ایک بہترین ٹیم سے ہے اور ورلڈ کپ کے فائنل میں آپ یہی امید رکھتے ہیں۔‘

شیئر: