Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیاحت کے لیے اکیلے گھر سے نکلنا زیادہ مفید کیوں ہے؟

تنہا سفر کرتے ہوئے آپ کو اپنے دل کی بات سننے کا موقع ملتا ہے (فائل فوٹو: شٹرسٹاک)
اکثر دیکھا گیا ہے کہ لوگ اپنے اہلِ خانہ یا دوستوں کے ساتھ سفر و سیاحت کرتے ہیں لیکن ایسے افراد کی بھی کمی نہیں جو اکیلے سفر کو ترجیح دیتے ہیں۔
سفر کے لیے تنہا نکلنے کے کیا فائدے ہو سکتے ہیں؟ عربی میگزین ’سیدتی‘ نے تنہا سفر کے چند اہم فوائد کا ذکر کیا ہے۔

ذات کی دریافت

جب آپ سفر یا سیاحت کے لیے تنہا نکلتے ہیں تو آپ کو ازخود کچھ فیصلے کرنا ہوتے ہیں۔ اس دوران آپ کو ان تمام خدشات سے نمٹنا ہوتا ہے جو اس سفر میں آپ کو درپیش ہو سکتے ہیں۔
یوں اپنے اندر کے انسان کی صلاحیتوں کا آپ کو اندازہ ہوتا ہے۔

اردو نیوز کا فیس بک پیج لائک کریں

تنہا سفر کرتے ہوئے آپ کو اپنے دل کی بات سننے کا موقع ملتا ہے اور آپ اپنے تجربات سے خوب لطف اٹھاتے ہیں۔
ایسے سفر میں آپ کے ساتھ پیش آنے والے واقعات بعض اوقات آپ کو زندگی کے حقیقی مقصد سے بھی آشنا کر سکتے ہیں۔

خود اعتمادی

اجنبی اور غیرمعروف جگہوں کا سفر مشکل حالات میں اپنی ذات پر اعتماد سکھانے کا باعث بھی بنتا ہے۔ اور یہ اس صورت میں ہوتا ہے جب آپ سفر کے لیے مختلف راستوں کا انتخاب کرتے ہیں۔
ایسے اسفار میں آپ کرۂ ارض کی دلکشی سے لطف اٹھاتے ہیں اور آپ کو کئی نئے اور حیرت انگیز مقامات کے بارے میں بھی پتا چلتا ہے۔

نئے دوست

تنہا سفر کا ایک فائدہ یہ ہے کہ آپ کا واسطہ ہر طرح کے لوگوں سے پڑتا ہے جس کے بعد آپ کو نئے دوست بنانے کا موقع مل جاتا ہے۔

جب آپ اکیلے سفر کرتے ہیں تو آپ نئے راستوں اور اپنی پسند کے مقامات تک پہنچ سکتے ہیں (فائل فوٹو: روئٹرز)

حقیقت یہ ہے کہ مقامی افراد تنہا سفر کرنے والوں کا بے حد خیال رکھتے ہیں اور ان کی ہر طرح سے مدد کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ یہ لوگ آپ سے زیادہ کھلے دل سے ملتے ہیں جس کے بعد نئے تعلقات استوار ہوتے ہیں۔

پسندیدہ راستوں کا انتخاب

جب آپ اکیلے سفر کرتے ہیں تو آپ نئے راستوں اور اپنی پسند کے مقامات تک پہنچ سکتے ہیں۔ اس کے برعکس دیگر لوگوں کے ساتھ سفر کرتے ہوئے آپ کئی اہم جگہوں کو دیکھنے سے محروم رہ جاتے ہیں کیونکہ گروپ میں موجود ہر شخص کی ترجیحات الگ ہوتی ہیں۔

اردو نیوز کا یوٹیوب چینل سبسکرائب کیجیے

تنہا سفر کرتے ہوئے آپ اپنی اضافی سرگرمیوں اور مفید تجربات کی منصوبہ بندی کر کے زیادہ سیکھ سکتے ہیں۔

شیئر: