Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شعیب ملک کی ثانیہ مرزا کو سالگرہ کی مبارک باد، پیغام سے زیادہ ردعمل اہم ہوگیا؟

کئی روز سے ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کے درمیان اختلاف کی افواہیں زیرگردش ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستانی اور انڈین ٹائم لائنز کے ایک حصے میں گذشتہ چند روز سے کرکٹ سٹار شعیب ملک اور ان کی اہلیہ ٹینس سٹار ثانیہ مرزا سے متعلق اطلاعات سامنے آرہی ہیں تاہم دونوں خود خاموش رہے۔
منگل کو شعیب ملک نے ٹوئٹر پر اپنی اور ثانیہ مرزا کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنی اہلیہ کو سالگرہ کی مبارک باد دی۔
پاکستانی کرکٹر نے ثانیہ مرزا کو اپنے خاص دن سے محظوظ ہونے کا پیغام بھی دیا۔
شعیب ملک کی جانب سے ثانیہ مرزا کو دی گئی مبارک باد کے بعد جہاں کچھ صارفین نے جوڑے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا وہیں اکثریت ایسے افراد کی رہی جن کی توجہ ثانیہ مرزا کے ردعمل تک محدود رہی۔
کئی ٹویپس نے لکھا کہ جوڑے کے درمیان اختلافات اور علیحدگی کی خبروں کے درمیان اب تک دونوں خاموش رہے، اب بولے بھی تو یہ ابلاغ یک طرفہ رہا ہے۔ ثانیہ مرزا نے ابھی تک نہ تو اس پیغام کا جواب دیا ہے نہ اسے لائک کیا ہے۔

شعیب ملک کی ٹویٹ میں جوڑے کے درمیان اختلافات کی نشانیاں دیکھنے کا سلسلہ کچھ زیادہ بڑھا تو کئی افراد نے اسے غیر ضروری قرار دے کر کہا کہ ہو سکتا ہے ثانیہ مرزا کہیں مصروف ہوں یا کسی اور وجہ سے ٹوئٹر نہ دیکھ سکی ہوں، فوری جواب نہ ملنے کو علیحدگی کا ثبوت قرار دینا درست نہیں ہے۔
اس وضاحت کے باوجود کچھ افراد مطمئن نہ ہوئے تو نشاندہی کی گئی کہ ثانیہ مرزا آج دن میں اپنے ٹوئٹر پر چھ مختلف ٹویٹس میں دیے گئے سالگرہ کے پیغامات کو لائک کر چکی ہیں، اگر دونوں میں کوئی تنازع نہیں تو اپنے شوہر کا ٹویٹ لائک کرنے میں کون سا مسئلہ ہو سکتا ہے۔
انسٹاگرام پر بھی شعیب ملک نے اپنی اور ثانیہ مرزا کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اہلیہ کو مبارک باد دی تو جواب میں سوشل میڈیا صارفین نے اسے دونوں کے درمیان مبینہ اختلافات کے خاتمے سے تعبیر کیا۔

سیوک سنگھ ڈھلوں نے لکھا کہ ’دونوں ملکوں کو خوب الو بنایا۔ میڈیا کارنر میں رو رہا ہے۔‘
بنت حوا نے لکھا کہ ’ہمیں اپنے تعلق سے زیادہ آپ دونوں کی ٹینشن تھی۔‘

ٹیلی ویژن میزبان ثنا بچہ نے جوڑے کو مبارک باد دی تو ان میں اختلافات کی اطلاعات ڈھونڈنے والوں کا نام لیے بغیر ایسے افراد پر طنز بھی کیا۔

شیئر: