Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈیجیٹل ٹریفک چالان غلط ریکارڈ ہوا، اعتراض کیسے داخل کرائیں؟

ٹریفک پولیس کے ریجنل اداروں میں اس کے لیے خصوصی شعبہ قائم ہے (فوٹو: فری پکس)
سعودی عرب میں ٹریفک قوانین سب سے لیے یکساں ہیں۔ ان پر عملدرآمد کرانے کی ذمہ داری ٹریفک پولیس کے محکمے کی ہے جسے مملکت میں ’مرور‘ کہا جاتا ہے۔
محکمہ ٹریفک کی ذمہ داریوں میں ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا، تجدید، گاڑیوں کے ملکیتی کارڈ ’استمارہ‘ کا اجرا اور تجدید کے علاوہ ٹریفک خلاف ورزیوں پرچالان کرنا اور روڈ سیفٹی ادارے کے ساتھ مل کر شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنا ہوتا ہے۔

اردو نیوز کا فیس بک پیج لائک کریں

 سعودی ٹریفک پولیس کے ٹوئٹرپرایک شخص نے دریافت کیا ہے کہ ’جس شاہراہ پرمیرا ڈیجیٹل چالان ہوا وہاں دور دور تک حد رفتار کے تعین کا کوئی آگاہی بورڈ نہیں۔ چالان کے خلاف ڈیجیٹل طریقے سے اعتراض داخل کیا مگروہ مسترد ہوگیا۔ معلوم کرنا ہے کہ قانونی طورپراپنا اعتراض کس طرح ریکارڈ کروں؟‘
سوال کے جواب میں ٹریفک پولیس کا کہنا تھا کہ ’کسی بھی خلاف ورزی پر ہونے والے چالان پراعتراض دائرکرنے کےلیے ٹریفک پولیس کے ریجنل اداروں میں خصوصی شعبہ قائم ہے جہاں درخواست دائرکی جاسکتی ہے۔‘
چالان پراعتراض دائرکرنے کے لیے اپنے علاقے کے ٹریفک پولیس کے دفترسے رابطہ کرنے کے لیے وقت حاصل کریں۔ مقررہ وقت پرمتعلقہ دفتر سے رجوع کریں جہاں موجود اہلکار کو اپنے اعتراض کے بارے میں تفصیلی طورپرمطلع کریں جو قانونی طورپرمسئلے کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ 
سعودی عرب میں تمام شاہراہوں پرٹریفک پولیس کی جانب سے حادثات کی روک تھام کےلیے خود کارسسٹم سے لیس انتہائی حساس کیمرے نصب ہیں۔ 
کیمرے تیز رفتار گاڑی کی فوری طور پر تصویر بنا کراسے کنٹرول روم میں ارسال کر دیتے ہیں جہاں موجود اہلکار گاڑی کی نمبرپلیٹ کے ذریعے مالک کوچالان کی اطلاع بھیج دیتے ہیں۔
ٹریفک ضوابط کے مطابق مملکت میں تمام شاہراہوں پرحد رفتار کا تعین کیا جاتا ہے۔ اس حوالے سے لوگوں کو مطلع کرنے کےلیے ہر تھوڑے فاصلے پررفتار کی انتہائی حد کا تعین کرنے کے لیے آگاہی بورڈز بھی نصب کیے جاتے ہیں۔ 

ایسی شاہراہیں جہاں کیمروں پرمشتمل خود کارسسٹم نصب کیاجاتا ہے وہاں آگاہی بورڈز بھی لگائے جاتے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)

ٹریفک نظام کے مطابق ایسی شاہراہیں جہاں خلاف ورزیوں کو ریکارڈ کرنے کےلیے کیمروں پرمشتمل خود کارسسٹم نصب کیاجاتا ہے وہاں آگاہی بورڈز بھی لگائے جاتے ہیں جن میں بتایا جاتا ہے ہے کہ شاہراہ پرخلاف ورزی کوریکارڈ کرنے کے لیے کیمرے نصب ہیں۔ 
مملکت میں ٹریفک حادثات کی روک تھام کےلیے ٹریفک قوانین کو سخت کیا گیا ہے جن کے بعد کافی حد تک حادثات میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔  
ٹریفک قوانین کے تحت سگنل کی خلاف ورزی پر تین ہزار ریال چالان کیاجاتا ہے جبکہ سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزی پر150 ریال اورغلط پارکنگ پر100 ریال کا چالان ہوتا ہے۔
روڈ پرٹریک تبدیل کرنے کےلیے ’اشارہ‘ دینا لازمی ہے، اگر بغیر اشارہ دیے اورعقب میں آنے والی گاڑی کا فاصلہ دیکھے بغیرغیرمحتاط انداز میں ٹریک تبدیل کیا جائے تو اس عمل پر 300 ریال جرمانہ مقرر ہے۔ 

اردو نیوز کا یوٹیوب چینل سبسکرائب کریں

ادارہ ٹریفک پولیس کی جانب سے نصب خودکار سسٹم کے تحت ہونے والے چالان کے بارے میں اگر یہ یقین ہو کہ چالان غلط ہوا ہے تو اس صورت میں ان پراعتراض داخل کیا جا سکتا ہے۔ 
ٹریفک پولیس کے تمام اداروں میں چالان پراعتراض دائر کرنے کے لیے خصوصی کاونٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں موصول ہونے والی درخواستوں کا جائزہ لینے کے بعد چالان پرفیصلہ کیاجاتا ہے۔ اگرچالان غلط ہوتو اسے سسٹم سے حذف کر دیا جاتا ہے بصورت دیگرچالان کی رقم ادا کرنا ضروری ہوتا ہے۔

شیئر: