Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’امیتابھ بچن کی آواز اور تصویر بغیر اجازت استعمال کرنا ممنوع‘

امیتابھ بچن نے اپنے نام اور تصویر کے جملہ حقوق کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی
بالی وُڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کی آواز اور تصاویر کو اجازت کے بغیر استعمال کرنا اب ممنوع ہوگا۔
نیو دہلی ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق امیتابھ بچن کا نام، تصویر اور آواز ان کی اجازت کے بغیر استعمال نہیں کی جا سکتی۔
80 سالہ بالی وُڈ شہنشاہ امیتابھ بچن نے اپنے نام، تصویر، آواز اور شخصیت کی خصوصیات کے جملہ حقوق کی حفاظت کے لیے نئی دہلی ہائی کورٹ میں اپیل کی تھی۔
انڈین چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق عدالت نے الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت کو حکم دیا کہ وہ امیتابھ بچن کی اجازت کے بغیر اپلوڈ ہونے والا مواد حذف کریں گے۔
جسٹس نوین چاؤلہ نے کہا کہ ’اس بات کو متنازعہ نہیں بنانا چاہیے کہ مدعی ایک مشہور شخصیت ہیں اور خود کئی اشتہارات میں کام کر چکے ہیں۔‘
این ڈی ٹی وی کے مطابق عدالت نے یہ فیصلہ اس بات کو مدِنظر رکھتے ہوئے دیا کہ امیتابھ بچن اس بات سے پریشان ہیں کہ ان کے مشہور ہونے کے باعث لوگ اپنی مصنوعات اور چیزیں ان سے جوڑ کر بیچ رہے ہیں۔
امیتابھ بچن کے وکیل نے دلائل میں کہا کہ ’میں صرف یہ بتانا چاہتا ہوں کہ اس وقت کیا ہو رہا ہے۔ کہیں کوئی ٹی شرٹ بن رہی ہے اور اس پر امیتابھ کی تصویر لگا کر بیچا جا رہا ہے۔ کوئی ان کا پوسٹر بیچ رہا ہے، کسی نے تو ان کے نام کی ویب سائٹ امیتابھ بچن ڈاٹ کام بنائی ہوئی ہے۔ اسی وجہ سے ہم عدالت میں آئے ہیں۔‘

شیئر: