Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انگلش کرکٹر بین سٹوکس کا اپنی میچ فیس پاکستانی سیلاب زدگان کو دینے کا اعلان

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا میچ یکم دسمبر سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انگلینڈ کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان بین سٹوکس نے اپنی میچ فیس پاکستانی سیلاب زدگان کو عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پیر کو ٹوئٹر پر ایک بیان میں کپتان بین سٹوکس نے کہا کہ وہ اس تاریخی سیریز کے لیے پاکستان آنے پر خوش ہیں اور 17 سال بعد سب اس ٹیسٹ سیریز کے لیے پُرجوش بھی ہیں۔
بیان میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تباہ کن سیلاب کو دیکھ کر دکھ ہوا جس نے ملک اور لوگوں کو بہت زیادہ متاثر کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ اس ٹیسٹ سیریز کی فیس پاکستان فلڈ اپیل میں دیں گے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ عطیہ سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں کی بحالی اور تعمیر نو میں استعمال ہوگا۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ یکم دسمبر سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
انگلینڈ کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان بین سٹوکس کے اس اقدام کو پاکستان میں اعلٰی مناصب پر فائز شخصیات سمیت سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سراہا گیا۔
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے انگلش کرکٹر کی جانب سے سیلاب زدگان کو اپنی میچ فیس دینے کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خدمت خلق کی عظیم برطانوی روایت کا مظہر قرار دیا۔

صحافی عباس ناصر نے بین سٹوکس کے پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ ’زبردست، بین۔‘

ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل میں پاکستان کے خلاف انگلینڈ کی فتح کا باعث بننے والی بین سٹوکس کی اننگز کے پس منظر میں ایم بی نے لکھا کہ ’جا تجھے معاف کیا، دلوں کو توڑنے والے۔‘

ٹوئٹر صارف دانی نے بین سٹوک کو مخاطب کرتے ہوئے کہ وہ بھی سیلاب سے متاثرہ افراد میں شامل ہیں۔ اس اقدام کے بعد بین سٹوکس ہمارے لیے انتہائی قابل احترام ہو گئے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ’ہمیشہ آپ کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھوں گا، اللہ آپ کو مستقبل میں مزید کامیابیاں عطا کریں۔‘

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان وسیم اکرم نے اپنے ہم وطنوں کی جانب سے بین سٹوکس کا شکریہ ادا کیا تو انہیں بہترین انسان بھی قرار دیا۔

انگلش کرکٹ ٹیم تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان پہنچی ہے۔
17 برس بعد ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے پاکستان آنے والی انگلینڈ کرکٹ ٹیم اپنا پہلا میچ یکم دسمبر سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گی۔

شیئر: