Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی پی ایل کی بولی، انگلینڈ کے سیم کرن مہنگے ترین کھلاڑی بن گئے

ہیری بروک کو سن رائزر حیدرآباد نے 13 کروڑ 25 لاکھ روپے میں خریدا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے 2023 میں ہونے والے 16 ویں ایڈیشن کے لیے کھلاڑیوں کی بولی جاری ہے۔ 
جمعے کو ہونے والی اس بولی میں انگلینڈ کے فاسٹ بولر سیم کرن آئی پی ایل کی تاریخ میں خریدے جانے والے سب سے مہنگے ترین کھلاڑی بن گئے ہیں۔ 
سیم کرن کو آئی پی ایل کی فرنچائز پنجاب کنگز نے 18 کروڑ 50 لاکھ انڈین روپے میں خریدا ہے۔ 
سیم کرن اس سے قبل چنئی سپر کنگز کے لیے کھیلتے تھے لیکن اگلے سال وہ پنجاب کنگز کے لیے کھیلتے نظر آئیں گے۔
سیم کرن کے ساتھ ان کے ہم وطن کھلاڑی اور انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بین سٹوکس کو چنئی سپر کنگز نے انڈین 16.25 روپوں میں خرید لیا ہے۔ 
انگلینڈ ہی کے ہیری بروک کو سن رائزر حیدرآباد نے انڈین 13 کروڑ 25 لاکھ روپے میں اپنی ٹیم میں خرید لیا ہے جبکہ جو روٹ کو فی الحال کسی ٹیم نے نہیں خریدا ہے۔ 
آسٹریلیا کے کیمرون گرین بھی آئی پی ایل سے بھرپور پیسے کمائیں گے کیونکہ انہیں ممبئی انڈینز نے ساڑھے سترہ کروڑ روپے میں خرید لیا ہے۔ 
دوسری جانب نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کو دفاعی چیمپیئن گجرات ٹائٹنز نے انڈین 2 کروڑ روپے میں خریدا ہے۔ 
سن رائزرز حیدرآباد نے انڈین کھلاڑی مایانک اگروال کو انڈین 8 کروڑ روپے میں خریدا ہے جبکہ انڈیا کے بیٹر اجنکیا رہانے کو چنئی سپر کنگز نے انڈین 50 لاکھ روپے میں لیا ہے۔ 

زمبابوے کے آل راؤںڈر سکندر رضا کو بھی سن رائزرز حیدرآباد نے انڈین 50 لاکھ روپے میں خریدا ہے جبکہ ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی اوڈین سمتھ کو گجرات ٹائٹنز نے 50 لاکھ میں خرید لیا ہے۔ 
ویسٹ انڈیز کے بولنگ آل راؤنڈر جیسن ہولڈر بھی کافی مہنگے بھاؤ بک گئے ہیں۔

جیسن ہولڈر کو راجستھان رائلز نے پانچ کروڑ 75 لاکھ میں خریدا

ویسٹ انڈیز کے وکٹ کیپر بیٹر نکولس پُوران کو لکھنو سپر جائنٹس کی ٹیم نے انڈین 16 کروڑ روپے میں خرید لیا جبکہ بنگلہ دیش کے سٹار بیٹر لٹن داس کو کسی ٹیم نے نہیں خریدا۔
جنوبی افریقہ کے کھلاڑی ہینریک کلاسین کو سن رائزرز حیدرآباد نے انڈین 5.25 کروڑ روپے میں خرید لیا ہے جبکہ انگلش بیٹر فِل سالٹ کو دہلی کیپیٹلز نے انڈین 2 کروڑ روپوں میں خریدا ہے۔
آئی پی ایل کی مقبول فرنچائز رائل چیلینجرز بنگلور (آر سی بی) نے بھی ایک کروڑ 90 لاکھ انڈین روپے میں انگلینڈ کے رِیس ٹوپلی کو اگلے سیزن کے لیے خرید لیا ہے۔
دوسری جانب بنگلہ دیش کے خلاف 12 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپس آنے والے انڈین بولر جادو اناڈکٹ کو لکھنو سپر جائینٹس نے 50 لاکھ انڈین روپوں میں خرید لیا ہے جبکہ ممبئی انڈینز نے ڈیڑھ کروڑ روپے میں آسٹریلیا کے جائے رچرڈسن کو اپنی ٹیم میں خرید لیا۔
انڈین ٹیسٹ ٹیم کے سینیئر رکن فاسٹ بولر اشانت شرما کو دہلی کیپیٹلز نے انڈین 50 لاکھ جبکہ انگلش لیگ سپنر عادل رشید کو سن رائزرز حیدرآباد نے انڈین 2 کروڑ روپے میں خرید لیا ہے۔
ویسٹ انڈیز کے لیگ سپنر عقیل حسین، افغانستان کے مجیب الرحمان، جنوبی افریقہ کے تبریز شمسی اور آسٹریلیا کے لیگ سپنر ایڈم زیمپا کو کسی ٹیم نے نہیں خریدا۔

شیئر: