Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں بارش، ’بوابۃ الشرق‘ محلہ زیر آب، کشتیاں چلنے لگیں

طوفانی بارش کے باعث ریاض کی وادی نمار میں سیلاب آگیا( فوٹو المرصد)
سعودی دارالحکومت ریاض میں جمعے کو دن بھر بارش ہوتی رہی۔ ’بوابۃ الشرق‘ محلہ زیر آب آگیا۔
اخبار24 کے مطابق گرج چمک کے ساتھ  بارش کا سلسلہ جمعے کی رات تک جاری رہا۔ نشیبی علاقے اور سڑکیں زیر آب آگئیں۔
 شدید بارش اور گرج چمک کے باوجود مقامی شہری اور مقیم غیرملکی خوشگوار موسم سے لطف اٹھانے کے لیے جمعے کو گھروں سے باہر نکلے۔ دارالحکومت کے پارک، سڑکیں اور تفریح گاہوں میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
عاجل اورالمرصد کے مطابق موسلا دھار بارش کے باعث ریاض کی وادی نمار میں سیلاب آگیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پہاڑوں کی چوٹیوں سے آبشار کی شکل میں پانی نیچے آرہا ہے۔
 ریاض کے بوابۃ الشرق محلے کی بھی ایک وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پورے علاقہ پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔ شہری دفاع کے اہلکاروں نے گھروں میں محصور مکینوں کو کشتیوں کے ذریعے  دوسری جگہ منتقل کیا۔
موسمیات کے قومی مرکز کا کہنا ہے کہ ’نجران، جازان، عسیر، باحہ اور مکہ مکرمہ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔ مدینہ منورہ کے جنوبی کوہستانی علاقے بھی بارش کی زد میں رہیں گے‘۔

شیئر: