Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نامناسب الفاظ کا استعمال، شہباز گِل نے ڈاکٹر رمیش کمار سے معافی مانگ لی

شہباز گِل کا کہنا تھا کہ ان کو اپنے الفاظ پر افسوس تھا۔ (فائل فوٹو)
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر شہباز گِل نے نامناسب الفاظ کے استعمال پر رکنِ قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی سے معافی مانگ لی ہے۔
سنیچر کو ایک ملاقات کے دوران شہباز گِل نے ڈاکٹر رمیش کمار سے ملاقات کی۔
شہباز گِل نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ ’ان کی جدوجہد طبقاتی لڑائی کی ہے اور وہ کسی اقلیت سے لڑنا نہیں چاہتے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ان پر ہتک عزت کے درجنوں کیسز ہیں لیکن یہ واحد کیس ہے جس کو وہ خود حل کرنا چاہتے تھے کیونکہ ان کو اپنے الفاظ پر افسوس تھا۔
ملاقات کے بعد ڈاکٹر رمیش کمار واکوانی نے ٹویٹ کیا کہ آج انہوں نے شہباز گِل کی معذرت قبول کر لی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ آج ہی ہتک عزت کا کیس واپس لے لیں گے اور اس معاملے کو ختم کر دیں گے۔
’آج آپ میرے پاس آئے اور آپ نے کہا کہ آپ ہندو کمیونٹی کے سربراہ ہیں اور مجھے یہ الفاظ نہیں کہنے چاہیے تھے اور مجھے اس چیز کا بہت زیادہ افسوس ہے تو میں سمجھتا ہوں کہ آپ کو اس چیز کا احساس ہو گیا ہے اور سندھ کی یہ روایت رہی ہے کہ اگر کوئی گھر پر چل کر آئے تو اس کو معاف کیا جاتا ہے۔‘
مارچ 2022 میں پاکستان کے ایک نجی ٹی وی چینل پر ایک پروگرام کے دوران سابق وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گِل نے اپنی ہی جماعت کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار واکوانی کے لیے نامناسب الفاظ استعمال کیے تھے۔
اس کے بعد ڈاکٹر رمیش کمار نے شہباز گِل کو قانونی نوٹس بھی بھجوایا تھا اور ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا۔

شیئر: