Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میں نے ایسا کیا کر دیا؟ ندا یاسر کئی روز کی ٹرولنگ پر بول پڑیں

پی ایس ایل 8 کی وجہ سے ’سپر پنجابی‘ کی ریلیز کو موخر کر دیا گیا ہے۔ (فوٹو: یوٹیوب)
میزبان و اداکارہ ندا یاسر ایک بار پھر سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔ اس بار بھی وہ اپنی ’معصومیت‘ کے باعث ٹرولنگ کرنے والوں کے شکنجے میں آ گئیں۔
گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں ندا یاسر اور میزبان شعیب اختر کے علاوہ ماضی کی مقبول مارننگ شو ہوسٹ اور اداکارہ شائستہ لودھی بھی موجود تھیں۔
شعیب، ندا سے گھما پھرا کر سوال کرتے ہیں کہ پاکستان 1992 کا ورلڈ کپ کب جیتا تھا؟ جواب میں ’ندا سوچ میں پڑتے ہوئے کہتی ہیں 2006۔‘ پھر انہوں نے کہا کہ پہلے وہ اپنی ذہین دوست سے پوچھیں، اسی دوران شائستہ ان کے کان میں سرگوشی کرتی ہیں 1992، تو شعیب اختر سرزنش کرتے ہوئے سوال کو مزید گھماتے ہوئے کہتے ہیں کہ پاکستان نے 2009 کا ورلڈ کپ کب جیتا تھا۔
اب ندا یاسر نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان یہ ورلڈکپ 1992 میں جیتا تھا‘، جس پر شائستہ قدرے جھنجھلا کر کہتی ہیں سوال تو سُن لو۔
اس ساری گفتگو کا ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر ایسا وائرل ہوا کہ ندا یاسر بھی جواب دیے بغیر نہ رہ سکیں۔
انہوں نے اپنی انسٹاگرام سٹوری پر لکھا کہ ’میں نے ایسا کیا کر دیا؟‘
ندا یاسر نے لکھا کہ ’لوگ اپنی تاریخ پیدائش، شادی کی تاریخ اور بہت کچھ بھول جاتے ہیں۔ ہاں مجھے پتہ ہے حالات کی وجہ سے بہت ڈپریشن ہے، اگر میری کسی غلطی پر آپ کے چہرے پر مسکراہٹ آ رہی ہے تو ہنس لیں کھل کے، لیکن جس کو اللہ رکھیں اس کو کون چکھے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ جو مجھ سے واقعی پیار کرتے ہیں وہ کرتے رہیں گے اس لیے میرا نعرہ ہے ’پیچھے ہٹ۔‘

فلمی دنیا

رواں برس کے آغاز کے بعد سے فلمی شائقین کو نئی پاکستانی فلموں کا انتظار ہے۔ گزشتہ ماہ یہ خبر سامنے آئی تھی کہ محسن حیدر عباس کی پنجابی فلم ’سپر پنجابی‘ تین مارچ کو ریلیز کی جائے گی، لیکن پی ایس ایل 8 کی وجہ سے فلم کی ریلیز کو موخر کر دیا گیا ہے۔ ابھی حتمی طور پر فلم کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان نہیں ہوا۔ یہ اطلاعات بھی ہیں کہ یہ فلم عید الفطر کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔
اسی طرح اداکار شہروز سبزواری اور سائرہ یوسف کی فلم ’بے بی لیشئس‘ بھی فروری میں ریلیز کی جانی تھی لیکن فلم کے آفیشل انسٹاگرام پر یہ اعلان کیا گیا کہ فلم کو اب عید الاضحٰی کے موقع پر ریلیز کیا جائے گا۔ یہ بھی بتایا گیا کہ یہ فیصلہ بڑے پیمانے پر سنیما مالکان سے پارٹنرشپ اور فلم کو زیادہ سے زیادہ ناظرین تک پہنچانے کے لیے کیا گیا۔

شہروز سبزواری اور سائرہ یوسف کی فلم ’بے بی لیشئس‘ عید الاضحٰی کے موقع پر ریلیز ہو گی۔ (فوٹو: ٹوئٹر)

پاکستان کی پہلی ایکشن اور تھرلر سے بھرپور اینی میٹڈ فیچر فلم ’اللہ یار اینڈ دی 100 فلاورز آف گاڈ‘ کے حوالے سے بھی اعلان کیا گیا کہ یہ جون 2023 کو ملک بھر میں ریلیز کی جائے گی۔
یہ اینی میٹڈ فلم ’اللہ یار اینڈ دی لیجنڈ آف مارخور‘ کا سیکوئل ہے جو سنہ 2018 میں ریلیز ہوئی تھی۔
ویسے تو پاکستان میں بالی وڈ فلموں کی نمائش پر پابندی ہے اور انڈیا میں بھی پاکستانی فنکاروں کے ساتھ فلمیں بنانے پر احتجاج کیا جاتا ہے، لیکن پاکستانی اداکار عمران عباس نے گزشتہ دنوں اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا کہ ’وہ جلد انڈین پنجابی فلم ’جی وی سوہنیا جی‘ میں نظر آئیں گے۔ یہ فلم چھ اکتوبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔‘

ٹی وی انڈسٹری

ٹی وی ڈراموں میں ان دنوں اداکار وہاج علی نے مداحوں کے دل میں گھر کر رکھا ہے۔ ان کے دو ڈرامے ’تیرے بن‘ اور ’مجھے پیار ہوا تھا‘ نشر ہو رہے ہیں جبکہ ڈرامہ سیریل ’تیرے بن‘ میں یمنیٰ زیدی اور وہاج علی کی جوڑی کو سرحد پار بھی سراہا جا رہا ہے۔
ٹی وی انڈسٹری میں جہاں اس ہفتے کئی اچھی خبریں سامنے آئیں وہیں ایک ایسی خبر بھی سامنے آئی جس نے ادیبوں سے لے کر فنکاروں تک سب کو افسوس میں مبتلا کر دیا۔
یہ خبر عالمی شہرت یافتہ معروف اداکار، صداکار، ہدایت کار اور ٹی وی میزبان ضیا محی الدین کے انتقال کی تھی۔

ڈرامہ سیریل ’تیرے بن‘ میں یمنیٰ زیدی اور وہاج علی کی جوڑی کو سرحد پار بھی سراہا جا رہا ہے۔ (فوٹو: یوٹیوب)

تین روزہ کراچی لٹریچر فیسٹیول کا 17 فروری سے آغاز ہو گیا ہے جس میں 60 سے زائد ایونٹ منعقد کیے جائیں گے۔ ان سیشنز میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے 200 سے زائد مقررین شرکت کر رہے ہیں۔ یہ فیسٹیول 19 فروری تک جاری رہے گیا ۔
کراچی میں ادبی میلا سجا تو لاہور والے کیسے کسی سے پیچھے رہ سکتے ہیں۔ لاہور میں ٹھیک انہی تاریخوں میں فیض فیسٹیول کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
فیض فیسٹیول میں انڈیا کے معروف لکھاری جاوید اختر بھی شرکت کریں گے۔

میوزک انڈسٹری

پاکستانی میوزک انڈسٹری کے حوالے سے یہ خبر سامنے آئی کہ گلوکار فلک شبیر نے نیا گانا ’پیار دا سہارا‘ ریلیز کر دیا ہے جس میں ان کے ساتھ ان کی اہلیہ سارہ خان بھی ہیں۔
دوسری جانب ساحر علی بگا نے اپنے نئے گانے ’وشملے‘ کا پوسٹر جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کا نیا گانا 24 فروری کو ریلیز کیا جائے گا۔
اردو، پنجابی اور بلوچی زبان میں بنائے گئے گیت میں ساحر علی بگا کے ہمراہ گلوکارہ آئمہ بیگ کی آواز بھی شامل ہے۔
موسیقی کی بات چل نکلی ہے تو یہ بھی بتا دیں کہ گزشتہ دنوں ایک بھیک مانگنے والی خاتون نے پاکستان کے معروف گلوکار سجاد علی کی بہن ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔
جس کے جواب میں سجاد علی نے اپنا ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ’میری ایک فیک بہن کی آج کل ایک نیوز آ رہی ہے، کچھ عرصہ پہلے میری ایک فیک شادی بھی کروا دی گئی تھی، اس کے بعد ایک صاحب نے لاہور کے اندرون میں میرا گھر بنا دیا تھا۔‘

شیئر: