Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہماری ایک پہچان ہے لیکن اسے دکھانے کا کبھی موقع نہیں ملا: روان مہدی

دی ایکسچینج کی کہانی دو خواتین کے گرد گھومتی ہے جو سٹاک ایکسچینج میں قدم جماتی ہیں (فائل فوٹو: دی ایکسچینج)
آن لائن سٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والی کویتی اوریجنل ویب سیریز ’دی ایکسچینج‘ کو دنیا بھر میں پذیرائی مل رہی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق کویت کو اس ویب سیریز کی صورت میں پہلی گلوبل ہِٹ مل سکتی ہے۔
دی ایکسچینج کی کہانی 1980 کی دہائی میں رہنے والی دو خواتین کے گرد گھومتی ہے جو سٹاک ایکسچینج کے بوائز کلب میں قدم جماتی ہیں۔
اس ویب سیریز میں مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ روان مہدی نے عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہماری ایک پہچان ہے لیکن ہمیں اسے دکھانے کا کبھی صحیح موقع نہیں ملا۔‘
’یہ شو پہلا موقع ہے کہ ہم بطور کویتی فنکار اپنی شناخت دکھا رہے ہیں۔ یہ میرا اور بہت سے لوگوں کا ہمیشہ سے ہی خواب تھا اور اب ہمارے ارادے مزید بلند ہوگئے ہیں۔‘
اس ویب سیریز میں روان مہدی فریدہ نامی ایک طلاق یافتہ خاتون کا کردار ادا کر رہی ہیں جو اپنے گھریلو حالات کے باعث کویتی سٹاک ایکسچینج میں کام کرنے پہنچ جاتی ہیں۔
اس سلسلے میں روان مزید کہتی ہیں کہ ’جب پہلی مرتبہ پروڈیوسر نے اس میں کام کرنے کے لیے مجھ سے رابطہ کیا تو میں نے کہا کہ میں دونوں کردار نبھا سکتی ہوں تاہم بعد میں مجھے لگا کہ میں فریدہ کی روح سے زیادہ قریب ہوں۔‘
دی ایکسچینج میں فریدہ کا کردار محض خیالی نہیں ہے بلکہ اس سیریز کی مصنفہ نادیہ احمد کی والدہ کی کہانی ہے۔
اس سلسلے میں روان نے بتایا کہ ’میں ڈر رہی تھی کہ نادیہ کی والدہ کیا سوچیں گی، لیکن جب ہم ان سے ملے تو انہوں نے کہا کہ وہ بہت خوش ہیں جس کے باعث میرے پاس الفاظ نہ رہے۔‘
’انہوں نے مجھ سے انتہائی خوب صورت باتیں کہیں جو میں کبھی نہیں بھول سکتی۔‘
روان مہدی کے والد مہدی الصایغ عراقی نژاد سکرین رائٹر اور ہدایت کار ہیں جنہوں نے اپنی زندگی کویت میں گزاری ہے۔

اس ویب سیریز میں روان مہدی فریدہ نامی ایک طلاق یافتہ خاتون کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

اپنے والد کے بارے میں روان کہتی ہیں کہ ’سنیما اور میرے والد نے مجھے زندگی کے بارے میں سب کچھ بتایا ہے اور مجھے یہ محسوس کروایا ہے کہ زندگی بالکل ٹھیک ہے۔‘
اس بات میں اب وزن بھی ہے کیونکہ میں ایک اداکارہ ہوں، کیونکہ میں آرٹ میں دلچسپی رکھتی ہوں۔ سنیما سے اداس لمحے خوب صورت بن جاتے ہیں اور سنیما خوب صورت لمحات کو مزید چمکا دیتا ہے۔‘
خیال رہے کہ دی ایکسچینج میں روان مہدی کے ساتھ مونا حسین اور حسین المھدی مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔

شیئر: