Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب: سنیماؤں کے ٹکٹ سستے ہوگئے، نئی قیمت کیا ہوگی؟

سٹینڈرڈ ٹکٹ کی قیمت 45 ریال سے کم کر کے 35 ریال کر دی گئی ہے (فائل فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب میں 15 سنیما گھروں کی مالک کمپنی ووکس سنیما نے ٹکٹ کی قیمت کم کر دی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ٹکٹ کی قیمت کی نئی پالیسی کے تحت دو درجہ بندیاں کی گئی ہیں۔ سٹینڈرڈ ٹکٹ کی قیمت 45 ریال سے کم کر کے 35 ریال جبکہ پریمیئم ٹکٹ کی قیمت 54 ریال سے کم کر کے 45 ریال کر دی گئی ہے۔
انٹرٹینمنٹ کمپنی کے کنٹری ہیڈ محمد الہاشمی نے کہا کہ سنیما میں یہ غیرمعمولی صلاحیت ہے کہ وہ کمیونٹیز کو اکھٹا کرتا ہے اور مشترکہ ثقافت سے لطف اٹھانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسی عزم کو آگے بڑھاتے ہوئے ’ہم سینیما سے محبت کرنے والوں کے لیے مملکت میں فلم کے ٹکٹ کی قیمت کم کر رہے ہیں تاکہ زیادہ لوگ موویز کے جادو سے لطف اندوز ہوں۔‘
محمد الہاشمی نے کہا کہ ’اپنے متنوع شائقین کی ضروریات اور ترجیحات کو دیکھتے ہوئے ہم اب اپنے سینیما سکرین کو وسیع کرتے ہوئے اس میں گولڈ اور آئی میکس بھی لا رہے ہیں۔ ‘
ان کے مطابق سٹینڈرڈ ٹکٹ کی قیمت ایک ہی رہے گی خواہ فلم کتنے بھی دورانیے کی ہو اور سنیما کسی بھی علاقے میں واقع ہو۔
تین بچوں کی ماں سارہ فاطمہ نے بتایا کہ ’مجھے ہمیشہ سے ہی سینیما میں جا کر فلم دیکھنا پسند ہے مگر متوسط طبقے کے لیے ٹکٹ کی قیمت بہت زیادہ تھی۔‘

ووکس انٹرٹینمنٹ کمپنی نے وژن 2030 کے تحت مملکت میں سنیما کا ایک بڑا انفراسٹرکچر بنایا ہے (فائل فوٹو: عرب نیوز)

ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ سنیکس اور ڈرنکس کی خریداری بھی فلم کے دوران کی جاتی ہے جس کی وجہ سے یہ قیمت مزید بڑھ جاتی ہے۔ ووکس سینیما میں ہمارا تجربہ بہت اچھا رہا اور اب ٹکٹ کی قیمت کم کیے جانے کے بعد یہ مزید زبردست ہو گیا کہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد تھیٹرز کا رُخ کرے گی۔‘
ایک اور سینیما شائق محمد رضوان نے کہا کہ ’ووکس سینیما میں فلم کے ٹکٹ کی قیمت کا کم ہونا ایک خوش کن خبر ہے۔ ووکس کے تھیٹرز شائقین کو ایک منفرد تجربے سے روشناس کراتے ہیں جہاں وقت گزارنا بہترین ہے۔‘
’میرا خیال ہے کہ مملکت میں سنیما کے درمیان مسابقت کم ہے اور ووکس کی جانب سے ٹکٹ کی قیمت کم کرنے پر شائقین بہت مثبت ردعمل دکھائیں گے۔‘
ووکس انٹرٹینمنٹ کمپنی نے وژن 2030 کے تحت مملکت میں سنیما کا ایک بڑا انفراسٹرکچر بنایا ہے جہاں معیاری تفریح کی بہترین سرگرمیاں جاری ہیں۔

شیئر: