Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سب سے پہلے پاکستانی‘، عدنان صدیقی پریانکا چوپڑا پر برہم کیوں ہیں؟

ہالی وڈ فلم ’سٹار وارز‘ کی ڈائریکشن ملنے پر شرمین عبید چنائے کو مبارک بادیں دی جا رہی ہیں (فوٹو: روئٹرز)
دیکھا جائے تو گزشتہ دنوں انٹرٹینمٹ انڈسٹری سے ایک ایسی خبر سامنے آئی جس نے پاکستانیوں کو اپنے آپ فخر کرنے کا موقع دیا تھا اور وہ خبر یہ تھی کہ آسکر ایوارڈ یافتہ پاکستانی فلمساز شرمین عبید چنائے ہالی ووڈ کی مشہور سیریز ’سٹار وارز‘ کی فلم ڈائریکٹ کریں گی۔
اس خبر پر پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان، مہوش حیات، علی سیٹھی، عائشہ عمر اور شوبز انڈسٹری کے معروف ستاروں سمیت جمائمہ گولڈ سمتھ اور سرحد پار کے فنکاروں نے بھی پاکستانی ہدایتکارہ کو مبارکباد دی تو بالی وڈ سے مبارکباد کا پیغام سامنے آیا اور یہ پیغام تھا اداکارہ پریانکا چوپڑا کی جانب سے۔
داکارہ پریانکا چوپڑا نے پاکستانی ہدایت کار شرمین عبید چنائے کو معروف سیریز ’سٹار وارز‘ کی فلم ڈائریکٹ کرنے پر مبارک باد دیتے ہوئے انسٹا سٹوری پر لکھا تھا کہ ’پہلی خاتون اور غیر سفید فام فلم ’سٹار وار‘ ڈائریکٹ کریں گی اور وہ جنوبی ایشیائی خاتون ہیں۔‘
پریانکا چوپڑا نے شرمین عبید چنائے کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’میری دوست، مجھے آپ پر فخر ہے۔‘ پریانکا چوپڑا نے پاکستانی ہدایتکارہ کو مبارکباد تو ضرور دی لیکن شاید الفاظ کا بہتر چناؤ نہ سکیں اور اسی لیے ان کے بیان پر پاکستانی اداکار عدنان صدیقی شرمین عبید چنائے کو پاکستانی کے بجائے ساوتھ ایشین اداکارہ کہنے پر برہم ہو گئے۔
عدنان صدیقی نے ایک ٹویٹ میں پریانکا چوپڑا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شرمین عبید چنائے سب سے پہلے ایک پاکستانی ہیں، بالکل اسی طرح جیسے آپ جنوبی ایشیائی ہونے کا دعویٰ کرنے سے پہلے جب بھی موقع ملتا ہے اپنی ہندوستانی قومیت کا اظہار کرتی ہیں۔‘
پریانکا کی پوسٹ سے ایسا تاثر ملتا ہے کہ نہ صرف ہندو انتہاپسند بلکہ بعض بالی وٖڈ فنکار بھی پاکستانیوں سے تعصب رکھتے ہیں لیکن اگر ایک ہی لاٹھی سے سب کو ہانکا گیا تو مناسب نہ ہو گا کیوں کہ اسی ہفتے انڈیا کے بزنس ٹائیکون مکیش امبانی کے بیٹے کی سالگرہ دبئی میں منعقد ہوئی جہاں پاکستانی گلوکار عاطف اسلم اور راحت کو فتح علی خاں کو مدعو کیا گیا تھا اور دونوں پاکستانی گلوکاروں نے اپنی جاندار پرفارمنس سے محفل میں موجود شرکاکے دل جیت لیے تھے۔

فواد خان کی فلم ’منی بیک گارنٹی‘ عیدالفطر پر ریلیز ہو رہی ہے (فوٹو: امیجز)

عاطف اسلم سے متعلق درفشاں کا بیان وائرل
عاطف اسلم نہ صرف گلوکاری بلکہ اپنی شخصیت کے باعث پاکستان سمیت دنیا بھر لاکھوں مداحوں کے دل میں رہتے ہیں اس بات کا اندازہ حال ہی میں پاکستانی اداکارہ در فشاں کے بیان سے لگایا جا سکتا ہے ۔
گزشتہ دنوں اداکارہ درفشاں کا عاطف اسلم سے متعلق بیان بہت وائرل ہوا جس میں اداکارہ در فشاں ایک شو میں گفتگو کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ عاطف اسلم کسی دور میں ان کے 'کرش' ہوا کرتے تھے۔
در فشاں سلیم نے بتایا کہ انہوں نے کم عمری میں عاطف اسلم کو انتہا کی حد تک چاہا، وہ ان پر بہت زیادہ فدا تھیں اور ان دنوں صرف عاطف اسلم کو ہی سنتی رہتی تھیں اور ان سے متعلق ہی باتیں کرتی رہتی تھیں۔
اداکارہ کے مطابق ان کا اس وقت دل ٹوٹا جب انہوں نے عاطف اسلم سے ان کی شادی کے دوسرے دن ملاقات کی۔
عید الفطر پر سلمان خان یا فواد خان

سلمان خان کی فلم ’کسی کا بھائی، کسی کی جان‘ بھی عید کے روز پیش کی جا رہی ہے (فوٹو: کوئی موئی)

جیسا کہ عید الفطر پر پانچ فلمیں ریلیز ہونے جا رہی ہیں ان میں میں منی بیک گارنٹی، دادل، ہوئے تم اجنبی، لاہور قلندر اور ڈور شامل ہیں لیکن اگر اس حوالے سے ہم سوشل میڈیا کا جائزہ لیں تو ایسا لگتا ہے کہ پاکستانی فلمی شائقین فواد خان کی منی بیک گارنٹی سے زیادہ بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان کی فلم 'کسی کا بھائی کسی کی جان ' کا زیادہ انتظار کر رہے ہیں۔
شاید اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ عید الفطر پر ریلیز ہونے والی فلموں کی پروموشن اس طرح سے نہیں کی جارہی ہے جیسا کہ ہونی چاہیے تھی۔ اگرصرف پاکستان کی پانچ فلموں کا تذکرہ کریں تو یہ کہا جا سکتا ہے پانچوں میں سے فواد خان کی فلم منی بیک گارنٹی اپنی بڑی کاسٹ کی بدولت کچھ کمائی کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔
خود فواد خان ایک انٹرویو میں کہتے ہیں کہ یہ پیسہ وصول فلم ہے، اس لیے کسی کو پیسے واپس کرنے کی نوبت ہی نہیں آنی ہے۔

راحت فتح علی خان اور عاطف اسلم نے مکیش امبانی کے بیٹے کی سالگرہ کے موقع پر شاندار پرفارمنس دی (فوٹو: شوبز تماشا)

 دوسری جانب پاکستان میں انڈین فلموں پر تاحال پابندی کے باوجود بعض سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ وہ شاہ رخ کی فلم پٹھان کی طرح کسی نہ کسی طریقے سے بالی وڈ فلم 'کسی کا بھائی کسی کی جان' دیکھنے میں کامیاب ہو جائیں گے ۔
شاہ رخ اور سلمان دونوں کا ذکر ہوہی گیا ہے تو یہ بات بھی اہم ہے کہ اسی ہفتے ایک خبر بہت وائرل ہوئی جس میں بتایا کہ دونوں کی فلم پٹھان ورسز ٹائیگر میں ہالی ووڈ کی معروف فلم ایکوا میں کے اداکار جیسن موموا کی بھی شرکت متوقع ہے۔

آج کل وہاج علی کے دو ڈرامے چل رہے ہیں جن کو بہت پسند کیا جا رہا ہے (فوٹو: فیس بک، وہاج علی)

وہاج علی مداحوں دل پر راج کرنے کے لیے تیار
ان دنوں وہاج علی کے دو ڈرامے عوام میں بے حد مقبول ہو رہے ہیں، البتہ ان کے ڈرامے 'مجھے پیار ہوا تھا ' پربعض لوگ یہ کہتے نظر آئے کہ ڈرامے کو بہت زیادہ لمبا کیا جا رہا ہے جبکہ ان کا دوسرا ڈرامہ ’تیرے بن‘ نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت میں مقبول ہو رہا ہے۔
ڈرامے کی حالیہ قسط کی بات کریں تو نہ صرف مداح بلکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان بھی ڈرامے کی تازہ قسط پر تعریف کیے بغیر نہ رہ سکیں۔
انہوں نے ڈرامہ سیریل کا ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے اداکار وہاج علی اور اداکارہ یمنیٰ زیدی کو ٹیگ کیا اور لکھا کہ ’جب کمبل والا سین آپ کو 10 ملین ویوز دلا دے۔‘

اداکارہ درفشاں نے پچھلے دنوں عاطف اسلم کو اپنا ’کرش‘ قرار دیا تھا (فوٹو: فیس بک، درفشاں)

ڈرامہ سیریل ’تیرے بن‘ کے مرکزی کردار ’مرتسم‘ کی دھوم نہ صرف پاکستان بلکہ انڈیا میں بھی مچی ہوئی ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ وہاج علی اور اداکارہ درفشاں سلیم کا ایک نئی طرز کا ڈرامہ یعنی چند اقساط پر مبنی سریز 'جرم ' کا پہلا ٹیزر بھی جاری کردیا ہے جس کو مداحوں کی جانب سے خوب پسند کیا گیا۔

شیئر: