Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جانے کہاں گئے وہ دن‘، کبھی عامر خان میرے بہترین دوست تھے: کنگنا رناوت

کنگنا رناوت نے اپنے ایک انٹرویو میں ریتک روشن کو ’سِلی ایکس‘ یعنی بے وقوف سابق محبوب کہا تھا (فائل فوٹو: کنگنا رناوت انسٹاگرام)
بالی وُڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے مسٹر پرفیکٹ عامر خان کے ساتھ ان کے ٹی وی شو ’ستیہ مے و جیتے‘ کی یاد تازہ کرتے ہوئے کہا کہ ’عامر خان ان کے بیسٹ فرینڈ (بہترین دوست) تھے لیکن اب نہیں ہیں۔‘
ہندوستان ٹائمز کے مطابق کنگنا رناوت نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ’ایسا تب ہوا جب ان کے اور ریتک روشن کے کیس کے دوران عامر خان نے ریتک روشن کو سپورٹ کرنا شروع کیا۔‘
منگل کے روز فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر کنگنا رناوت نے ’ستیہ مے و جیتے‘ کی ویڈیو کو اپنی سٹوری کا حصہ بناتے ہوئے کہا کہ ’سچ بتاؤں تو مجھے کبھی کبھی وہ دن یاد آتے ہیں جب عامر سر میرے بیسٹ فرینڈ تھے۔ جانے کہاں گئے وہ دن۔‘
’میرے اوپر ریتک کی جانب سے قانونی کیس کرنے سے پہلے ایک بات ضرور ہے کہ انہوں (عامر خان) ںے میری رہنمائی کی، مجھے سراہا اور میری بہت سی چوائسس کو ٹھیک کیا۔ اس کے بعد انہوں نے وفاداریاں واضح کردیں، پوری انڈسٹری کا مقابلہ ایک خاتون سے تھا۔‘
ان کے مطابق ’ستیہ مے و جیتے‘ کی اُس قسط میں وہ ساتھی اداکاراؤں دپیکا پاڈوکون اور پرینیتی چوپڑا کے ساتھ شریک ہوئی تھیں جہاں اداکارہ ںے بالی وُڈ میں آئٹم سانگز کے بارے میں بات کی تھی۔‘
کنگنا رناوت نے کہا تھا کہ ’انہوں نے جان بوجھ کر آئٹم سانگز کرنے سے انکار کر دیا ہے کیونکہ بالی وُڈ میں انہوں نے دیکھا ہے کہ جوان لڑکیاں آئٹم نمبر پر ڈانس کرتی ہیں۔‘
 خیال رہے کہ کنگنا رناوت نے اپنے ایک انٹرویو میں ریتک روشن کو ’سِلی ایکس‘ یعنی بے وقوف سابق محبوب کہا تھا جس پر ریتک اور ان کے درمیان کیس چل پڑا تھا۔
اس کے بعد دونوں نے ایک دوسرے کو قانونی نوٹس بھیجے تھے تاہم جب ریتک کی ایف آئی آر کو سائبر سیل سے کرائم انٹیلی جنس یونٹ منتقل کیا گیا تھا تو اداکارہ نے ٹویٹ کی تھا کہ ’ریتک کو اب آگے بڑھنا چاہیے۔‘
دوسری جانب 36 سالہ اداکارہ کی کچھ مزید نئی فلمیں بھی آنے والی ہیں۔

کنگنا رناوت چندرا مُکھی ٹو میں کنگنا بادشاہ کے دربار میں رقاصہ کا کردار ادا کریں گی (فائل فوٹو: ہندوستان ٹائمز)

وہ ہدایتکار پی واسو کی فلم ’چندرا مُکھی ٹو‘ میں کام کریں گی جو کہ بلاک بسٹر تامل ہارر کامیڈی فلم ’چندرا مُکھی‘ کا سیکوئل ہے۔ چندرا مُکھی میں سپرسٹار رجنی کانتھ اور جیوتھیکا نے اداکاری کی تھی۔
چندرا مُکھی ٹو میں کنگنا بادشاہ کے دربار میں رقاصہ کا کردار ادا کریں گی جو اپنی خوب صورتی اور رقص کے باعث مشہور ہے۔
اس کے علاوہ مداح انہیں 1977 میں انڈیا میں لگنے والی ایمرجنسی کے موضوع پر بننے والی فلم ’ایمرجنسی‘ میں بھی دیکھ سکیں گے جس میں وہ سابق انڈین وزیر اعظم اندرا گاندھی کا کردار ادا کریں گی۔ اس فلم کی ہدایتکاری بھی انہوں نے خود کی ہے۔
صرف یہی نہیں وہ ’مانیکرنیکا ریٹرنز دی لیجنڈ آف ڈِڈا‘ اور ’دی ان کارنیشن سِیتا‘ میں بھی اداکاری کے جلوے دکھائیں گی۔ اس کے علاوہ وہ فلم ’تیجاز‘ میں بھی اداکاری کر رہی ہیں جس میں وہ انڈین ایئر فورس کی پائلٹ کا کردار نبھائیں گی۔

شیئر: