Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خواہش ہے کہ عید پوری دنیا میں امن و استحکام لے کر آئے: شاہ سلمان

شاہ سلمان نے کہا کہ عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ (فوٹو عاجل)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سعودی عوام، مقیم غیرملکیوں اور امت مسلمہ کو عید کی مبارک باد پیش کر دی۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان نے اپنے پیغام عید میں اس خواہش کا اظہار کیا کہ ’عید کا تہوار اپنے ہمراہ خطے میں امن و استحکام اور سکون و اطمینان کی خوشخبری لائے۔‘
شاہ سلمان نے کہا کہ ’ہمیں عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ ہر سال عید کا تہوار خیر کی خبریں لائے۔ اللہ تعالی ہم سب کے روزے، تراویح، تہجد اور اچھے کام قبول فرمائے۔ بار بار ہمیں عید الفطر کا تہوارمنانا نصیب کرے۔ ہم، آپ، ہمارا ملک اور دنیا بھر کے ممالک پر امن و سلامتی اور اطمینان و سکون کا ماحول سایہ فگن ہو۔‘
شاہ سلمان نے کہا کہ ’اللہ تعالی نے اپنے فضل و کرم سے ہمیں منفرد اعزاز عطا کیا ہے ۔ حرمین شریفین کی خدمت اور حج و عمرہ زائرین کے آرام و راحت کے انتظامات کا فرض بخشا ہے۔ یہ ایسا اعزاز ہے جس سے اللہ تعالی نے ہمیں نوازا ہے۔‘
شاہ سلمان نے کہا کہ ’مقدس فرض کا احساس اور پاکیزہ ذمہ داری کی ادائیگی بڑے فخر کی بات ہے۔ بانی مملکت کے ہاتھوں سعودی ریاست کے قیام کے بعد سے لے کر اب تک اس فرض کی ادائیگی میں ہم دن رات ایک کیے ہوئے ہیں۔ تن من دھن سے اس ذمہ داری کی ادائیگی میں لگے ہوئے  ہیں۔ بانی مملکت کے فرزند حکمراں اس ذمے داری کو پابندی کے ساتھ ادا کرنا اپنے لیے فخر و ناز کا باعث سمجھتے رہے ہیں۔ ہمیشہ اپنے اس عہد اور عزم پر قائم رہیں گے،‘
شاہ سلمان نے کہا کہ ’اللہ تعالی کی بے شمار نعمتوں میں سے ایک یہ بھی ہے کہ اس نے اس سال رمضان المبارک کے دوران لاکھوں زائرین کو عمرہ ادا کرنے کی آسانی عطا کی۔ اللہ تعالی سے دعا گو ہیں کہ وہ زائرین سے عمرہ اور ہماری جانب سے ان کی خدمت قبول فرمائے۔ یہ سب کچھ اللہ تعالی کے فضل و کرم اور ریاستی اداروں کی جانب سے زائرین کی مسلسل خدمت کی وجہ سے ممکن ہوسکا سب نے زائرین کو عبادت کی ادائیگی میں ہر ممکن سہولت دی۔‘
شاہ سلمان نے کہا کہ ’عید الفطر کی اہم بات یہ ہے کہ اس موقع پر خوشی، میل ملاپ، رواداری اور ضرورت مندوں کی ضروریات کی تکمیل میں دلچسپی لی جاتی ہے۔ اللہ تعالی ہم سب کی خوشیاں قائم و دائم رکھے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالی عید کے ساتھ ہمارے علاقے ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کے ملکوں میں امن و استحکام اور اطمینان و سکون کی خوشخبریاں لائے۔‘
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: