Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عید کے موقع پر آتشبازی کا 3 روزہ جشن آج رات 9 بجے سے

سعودی عرب میں محکمہ تفریحات نے عید الفطر کے موقع پر آتشبازی کے  تین روزہ پروگرام کا اعلان کردیا۔ آج رات نو بجے سے مملکت بھر میں شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔
عاجل اور اخبار 24 ویب سائٹس کے مطابق محکمہ تفریحات نے کہا ہے کہ دارالحکومت ریاض میں بولیفارڈ ریاض سٹی، ابہا شہر میں الصفا پارک، جدہ میں برومینارڈ واکنگ ٹریک،  آتشبازی کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ عید کے دوسرے اور تیسرے دن ڈرونز شو بھی ہوں گے۔
محکمہ تفریحات کا کہنا ہے کہ عید شو الخبر میں سی فرنٹ، حائل میں المغواۃ روڈ، باحہ میں الامیر حسام پارک، تبوک میں سینٹرل پارک میں دیکھے جاسکیں گے۔
محکمہ تفریحات نے توجہ دلائی کہ آتشبازی کے پروگرام عرعرشہر کے العثیم مال کے بالمقابل پبلک پارک میں ہوں گے۔ علاوہ ازیں نجران شہر کے النہضہ محلے، مدینہ منورہ کے کنگ فہد سینٹرل پارک، جازان شہر کے شمالی کورنیش واکنگ ٹریک پر دیکھے جاسکیں گے۔
محکمہ تفریحات نے توجہ دلائی کہ سکاکا شہر میں آتشبازی کی شروعات رات 9 بج کر 45 منٹ پر العزیزیہ پارک میں ہوگی۔ بریدہ شہر میں رات دس بجے کنگ عبداللہ نیشنل پارک میں آتشبازی کا مظاہرہ ہوگا۔
محکمہ شہری دفاع نے  مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو تاکید کی ہے کہ  وہ آتشبازی اور پٹاخوں کے ممکنہ خطرات سے بچاؤ کااہتمام کریں۔ گھروں یا گیسٹ ہاؤسسز یا پبلک مقامات پر آتشبازی کا شوق نہ کریں۔
محکمہ شہری دفاع نے توجہ دلائی ہے کہ بعض اوقات پٹاخے یا آتشبازی کا سامان پریشر کی وجہ سے خودبخود پھٹ جاتا ہے زیادہ گرمی کی وجہ سے بھی ایسا ہوتا ہے۔ کبھی کبھار چھت یا سڑک یا فرش سے رگڑ کی وجہ سے بھی پھٹ جاتے ہیں۔ایسا  ہونے پر موقع پر موجود لوگ زخمی ہوتے ہیں۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: