Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سوڈان:جنگ بندی کےلیے متحارب فریقوں سے رابطے میں ہیں، سعودی سفیر

اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نے کہاکہ ’سوڈان میں عسکریت فورا بند ہو‘(فوٹو، ٹوئٹر)
اقوام متحدہ میں متعین سعودی سفیر ڈاکٹرعبدالعزیزالواصل نے کہا ہے کہ سوڈان میں مستقل جنگ بندی کے لیے تمام متحارب فریقوں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ 
العربیہ نیٹ کے مطابق الواصل نے بدھ کو سوڈان سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اس بات کو ضروری سمجھتا ہے کہ سوڈان میں جنگ بندی کی مکمل پابندی کی جائے۔ 
الواصل نے مزید کہا کہ شہریوں کے انخلا میں سہولت پرسوڈان کے تمام فریقوں کا تعاون حاصل ہے اس پر ہم انکے شکر گزار ہیں۔ 
اقوام متحدہ میں متعین سوڈانی سفیر الحارث ادریس نے کہا کہ سوڈانی افواج شہریوں کاجانی نقصان محدود کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ فریق ثانی کی جانب سے خلاف ورزی کے باوجود سوڈانی فوج جنگ بندی کا احترام کررہی ہے۔ 
ادریس نے سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوڈانی افواج باغیوں کی جانب سے پیدا کیے جانے والے خطرات سے سفارتی مشنوں کے تحفظ کا بھرپور اہتمام کررہی ہے تاہم شہریوں کو خطرات پیدا کرنے پر باغی فورس کی مذمت ضروری ہے۔ 
سوڈانی سفیر نے توجہ دلائی کہ افواج نے خطرات کے ماحول میں متعدد ممالک کے شہریوں کے انخلا میں بھرپور تعاون دیا۔ سوڈانیوں کا مسئلہ اہل سوڈان کا کام ہے انہی پر چھوڑ دینا ضروری ہے۔ ہمارا ملک خارجی مداخلت کو مسترد کرتا ہے۔  
دوسری جانب سوڈان کے لیے اقوام متحدہ کے ایلچی نے  کہا کہ امریکہ کی ثالثی سے سوڈان میں ہونے والی جنگ بندی کا معاہدہ بعض علاقوں میں اب تک برقرار ہے تاہم ایسی کوئی علامت نظر نہیں آرہی ہے کہ متحارب فریق مذاکرات کے حوالے سے سنجیدہ  ہوں۔ دونوں فریق سمجھ رہے ہیں کہ وہ اپنے حریف کےخلاف عسکری فتح حاصل  کرسکتے ہیں۔ 
اقوام متحدہ میں متعین امریکی سفیر نے کہاکہ سوڈان میں عسکریت فورا بند ہو۔ سوڈانی عوام ہماری توجہ کے مستحق ہیں۔ 
امریکی سفیر نے کہا کہ خرطوم میں ہمارے سفارتخانے پر براہ راست اور بالواسطہ حملے ہوئے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیاکہ تمام متحارب فریق سفارتی مشنوں کی سلامتی کو یقینی بنائیں۔ ہتھیار اٹھانے کے بجائے مکالمے کا راستہ اختیار کیا جائے۔ 

چین سوڈان کی خودمختاری اور علاقائی سلامتی کا حامی ہے(فوٹو، ٹوئٹر)

اقوام متحدہ میں چینی سفیر نے کہا کہ وہ سوڈان کے دونوں متحارب فریقوں سے جنگ فورا بند کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔ چین سوڈان کی خودمختاری اور علاقائی سلامتی کا حامی ہے۔  
چینی سفیر نے توجہ دلائی کہ سوڈان میں موجودہ لڑائی میں شدت سے علاقے کا امن خطرے میں پڑ جائے گا وہ بحران کے تصفیے کے لیے افریقی تنظیم اتحاد اور اقوام متحدہ کی کوششوں کےحامی ہیں۔ 

شیئر: