Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’شوبز انڈسٹری میں 60 سالہ بوڑھے کو بھی لڑکے کے طور پر دکھاتے ہیں‘

شہروز سبزواری نے صدف کنول سے مئی 2020 میں دوسری شادی کی تھی ۔فوٹو: انسٹا شہروز سبزواری
پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار شہروز سبزواری کو مہنگائی سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرنے پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔
گزشتہ دنوں اداکار شہروز سبزواری نے ایک ٹی وی شو میں کہا تھا کہ مہنگائی بڑھ رہی ہے لیکن اگر پھر بھی ہر چیز میں اللہ کا شکر ادا کریں تو مہنگائی کبھی مہنگائی نہیں لگے گی۔
بات تو شہروز کی اچھی تھی لیکن سوشل میڈیا پر انہیں بری طرح تنقید کا نشانہ بنایا گیا حالانکہ انہوں نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ مجھے پتہ ہے لوگ کہیں گے کہ میں ٹی وی پر بیٹھا ہوں تو مجھے مہنگائی نہیں محسوس ہوتی لیکن آپ میں ہر حال میں شکر کی طاقت موجود ہونی چاہیے۔
شہروز سبزواری نے صدف کنول سے مئی 2020 میں دوسری شادی کی تھی، اس سے قبل انہوں نے 2012 میں سائرہ یوسف سے شادی کی تھی۔
دوسری شادی کی بات کریں تو ماضی کی معروف اداکارہ، گلوکارہ اور ٹی وی میزبان کومل رضوی نے عیدالفطر کے موقع پر زندگی کے نئے سفر کا آغاز کر دیا ہے۔
کومل رضوی نے 20 اپریل کو انسٹاگرام پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو اس خوشخبری سے آگاہ کیا کہ انہوں نے دوسری شادی کر لی ہے۔
اس سے قبل کومل رضوی کی پہلی شادی 2012 میں ہوئی تھی اور 2019 میں طلاق پر ختم ہوئی۔
عید کے موقع پر ہی پاکستانی شوبز انڈسٹری کی مقبول اور رومانوی جوڑی عروہ حسین اور فرحان سعید نے تقریباً تین سال بعد پہلی بار ایک ساتھ عید الفطر کے موقع پر متعدد تصاویر شیئر کر کے اپنی طلاق کی افواہیں ختم کر دیں۔
اس جوڑی کے حوالے سال 2020 سے طلاق کی افواہیں سامنے آرہی تھیں اور اس عرصے کے دوران دونوں کی جانب سے ایک ساتھ لی گئی تصاویر شیئر نہیں کی گئی تھیں لیکن اب دونوں نے اپنی تصاویر شیئر کر کے اپنے مداحوں کو عید کا تحفہ دے دیا۔
پاکستانی ڈراموں پر اداکاروں کی تنقید 
ماضی کی مقبول اداکارہ ماہ نور بلوچ نے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری سے شکوہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی شوبز انڈسٹری میں 60 سال کے بوڑھے مرد کو بھی لڑکے کے طور پر دکھا کر اسے کم عمر لڑکی سے عشق کرتے دکھایا جاتا ہے جو کہ بہت ہی بری اور غلط بات ہے۔
ماہ نور بلوچ نہ صرف فلموں اور ڈراموں میں کم نظر آتی ہیں بلکہ وہ ٹی وی پروگرامز میں بھی کبھی کبھی ہی شرکت کرتی ہیں تاہم عید کے موقع پر انہوں نے ایک پروگرام میں شرکت کی اور ٹی وی سکرین پر کم نظر آنے کی وجہ بتائی۔
اداکارہ نے کہا کہ ہماری انڈسٹری میں صرف عاشقانہ کہانیاں دکھائی جاتی ہیں اور ہیرو کی عمر 55 سال ہونے کے باوجود بھی وہ بوڑھا نہیں دکھائی دیتا، شاید انہیں یہ اچھا لگتا ہو لیکن جب آپ عام لوگوں کی نظر سے دیکھیں تو یہ اچھا نہیں لگتا کیونکہ لوگوں کی سوچ بدل رہی ہے اور وہ اب اس کو قبول نہیں کرتے ہیں۔
ایک وقت تھا جب پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی تعریف دنیا بھر میں کی جاتی تھی لیکن اب گزشتہ چند سالوں سے نہ صرف پاکستانی شائقین بلکہ پاکستانی شوبز انڈسٹری کے اداکار بھی اپنی ہی انڈسٹری تنقید کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران سینیئر اداکار بہروز سبزواری نے بھی اس ڈرامے کو تنقید کا نشانہ بنایا جس میں خود انہوں نے اداکاری کی تھی۔
اداکار بہروز سبزواری نے ایک میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے اپنے رمضان سپیشل ڈرامے ’چاند تارا‘ پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ڈرامے میں جو گھر دکھایا گیا وہ ہر وقت جنگ بنا رہتا ہے، میں معافی چاہتا ہوں کہ میرا ڈرامہ ہے لیکن میں اس کے خلاف ہوں۔
ان ہی دنوں بہروز سبزواری کے ساتھ متعدد ڈاموں میں کام کرنے والی ساتھی اداکارہ بشریٰ انصاری نے پاکستانی ڈراموں پر لب کشائی کرتے ہوئے کہا کہ ٹی وی چینلز پر نشر ہونے والے ڈراموں میں تھپڑ کھانے اور گھریلو تشدد کا شکار بننے والے زیادہ تر کردار خواتین کے ہوتے ہیں جنہیں اب تبدیل ہونا چاہیے۔

عروہ حسین نے تین سال بعد شوہر فرحان سعید کے ساتھ تصویر سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی۔ فوٹو: انسٹا عروہ حسین

بشریٰ انصاری نے بتایا کہ انہیں اداکاری کرتے وقت اس وقت سب سے زیادہ تکلیف یا مشکلات پیش آتی ہیں جب ان کے سامنے تھپڑ رسید کرنے کا کوئی منظر شوٹ کیا جاتا ہے۔
بشری انصاری ان دنوں ڈرامہ ’تیرے بن‘ میں نظر آرہی ہیں اور اس ڈرامے کی مختلف اقساط میں انہیں کئی بار تھپڑ مارتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
جلد دھوم مچانے والے نئے ڈرامے 
اسی ہفتے معروف خوبرو اداکارہ ماہرہ خان نے ایک انسٹاگرام پوسٹ کے زریعے اپنے مداحوں کو خوشخبری دی ہے کہ وہ جلد ڈرامہ سیریل رضیہ میں نظر آئیں گی تاہم ڈرامے کے حوالے سے انہوں نے زیادہ تفصیل نہیں بتائی۔
بہر حال ماہرہ خان کے مداح اس بات پر خوش ہیں کہ جلد انہیں ٹی وی سکرین پر دیکھیں گے تاہم دوسری جانب اداکار ہمایوں سعید نے بھی یہ بتایا ہے کہ اس سال ان کا ایک ڈرامہ نشر کیا جائے گا۔ 
ایک انٹرویو میں اداکار کا کہنا تھا کہ رواں سال کے دوران ان کا ایک ڈراما کرنے کا ارادہ ہے لیکن ایک ڈراما خلیل الرحمان قمر لکھ رہے ہیں اور ایک عمیرا احمد لکھ رہی ہیں ان میں سے جو بھی پہلے تیار ہو گیا وہ کریں گے۔ خلیل الرحمان قمر کے ڈرامے کا نام ’میں منٹو نہیں ہوں‘ ہے۔
ہمایوں سعید نے آخری بار ڈرامہ ’میرے پاس تم ہو‘ میں کام کیا تھا جو مقبولیت کی انتہا پر پہنچا تھا اور اس ڈرامے کو بھی خلیل الرحمان قمر نے ہی لکھا تھا۔ 
اداکار وہاج علی اور یمنیٰ زیدی کا ڈرامہ تیرے بن 38 قسط کے بعد بھی اب تک جاری ہے۔ یہ ڈرامہ نہ صرف پاکستان بلکہ ہندوستان میں بھی خوب مقبول ہو رہا ہے اور اب اس کی مقبولیت کو دیکھنے اسے ہفتے میں 2 کے بجائے 4 دن نشر کیا جا رہا ہے۔ 
تاہم اب وہاج علی کے ایک اور نئے ڈرامے کا آغاز ہو گیا ہے۔ اس ڈرامے کا نام ’جرم‘ ہے جس میں ان کے ساتھ درے فشاں، ژالے سرحدی اور عتیقہ اوڈھو بھی نظر آئیں گی۔ یہ ایک سنسنی خیز ڈرامہ ہے جس کی کہانی دیگر ڈراموں سے مختلف ہوگی۔

عائشہ عمر کی فلم ’منی بیک گارنٹی‘ نے ایک ہفتے میں 10 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا۔ فوٹو: انسٹا عائشہ عمر

ڈرامہ جرم کے علاوہ دو مزید نئے ڈراموں کا آغاز ہونے جا رہا ہے جس میں ’محبت گم شدہ میری‘ اور ’بندش 2‘ شامل ہیں۔ بندش 2 کی کاسٹ میں عفان وحید، ثانیہ سعید، آمنہ الیاس، اور عریج محی الدین شامل ہیں۔ 
عابیس رضا کی ہدایت کاری میں بننے والے اس ڈرامے کے پہلے سیزن میں حرا مانی، زوہاب رانا اور مرینہ خان نے مرکزی کردار ادا کیا تھا جو 2019 میں ریلیز کیا گیا تھا۔
پاکستانی فلمیں 
اس عید الفطر میں پانچ بڑی فلمیں سینما گھروں کی زینت بنی ہیں جن سے امید کی جا رہی تھی کہ وہ چھوٹی عید پر بڑا بزنس کریں گی لیکن ایسا خاطر خواہ دیکھا نہ گیا کیونکہ پانچ میں سے صرف ایک فلم ’منی بیک گارنٹی‘ نے دنیا بھر میں ایک ہفتے کے دوران 10 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا۔
عید پر ہی ریلیز ہونے والی دوسری پاکستانی فلم ’ہوئے تم اجنبی‘ نے تقریباً 2 کروڑ کا بزنس کیا ہے۔ تیسری فلم دادل نے اب تک 1 کروڑ 4 لاکھ کی کمائی کر لی ہے جبکہ چوتھی اردو فلم دوڑ نے 1 کروڑ 18 لاکھ کی کمائی کی۔
فلمی دنیا کے حوالے سے یہ خبر بھی سامنے آئی کہ تنازعات کا شکار ہونے والی یاسر حسین اور عائشہ عمر کی پاکستانی فلم جاوید اقبال کو نام تبدیل کرنے کے بعد ریلیز کرنے کی اجازت مل گئی ہے۔
ہدایتکار ابو علیحہ نے گزشتہ ماہ سنسر بورڈ کی ہدایت پر فلم کا نام جاوید اقبال سے بدل کر ’کُکڑی‘ رکھنے کا اعلان کیا تھا۔
بالی ووڈ کی بڑی فلمیں لیک
پاکستان میں تو ہم آئے دن آڈیو اور ویڈیو لیک کے بارے میں سنتے رہتے ہیں لیکن بالی ووڈ میں فلموں کا لیک ہونا معمول کی بات بن گئی ہے۔
عید کے موقع پر ریلیز ہونے والی بالی ووڈ اداکار سلمان خان کی نئی فلم ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ ریلیز کے پہلے دن ہی آن لائن لیک ہوگئی لیکن اس کے باوجود فلم نے باکس آفس پر اچھی کمائی کر لی ہے۔

ماہ نور بلوچ کا کہنا ہے کہ پاکستانی انڈسٹری میں بوڑھے اداکار کو جوان لڑکی سے عشق کرتا ہوئے دکھاتے ہیں۔ فوٹو: انسٹا ماہ نور بلوچ

فلم کسی کا بھائی کسی کی جان میں سلمان خان کے علاوہ پوجا ہیگڑے کے ساتھ مرکزی کردار میں شہناز گل، راگھو جوئیل، پلک تیواری، جسی گل، سدھارتھ نگم، وجیندر سنگھ اور چند دیگر اداکار شامل ہیں۔
اسی طرح بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی فلم ’جوان‘ کے سیٹ سے بنائی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر لیک کر دی گئیں جس کے بعد یہ معاملہ عدالت تک جا پہنچا۔
دہلی ہائی کورٹ نے دھوکہ دہی پر مبنی ویب سائٹس اور انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والوں کو بغیر لائسنس کے فلم جوان سے متعلق کسی بھی تصویر یا کلپس کو کاپی کرنے، سٹریم کرنے یا ڈسپلے کرنے سے روک دیا ہے۔

شیئر: