Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان کی اہلیہ کا مریم نواز کے خلاف مقدمہ درج کروانے کا فیصلہ

فواد چوہدری کے مطابق ’کل مریم نواز نے الزام لگایا کہ بشریٰ بی بی فائلوں پر دستخط کروانے کے پیسے لے رہی تھیں۔‘ (فوٹو: ن لیگ فیس بک)
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے ساکھ کو نقصان پہنچانے پر مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔
منگل کو اسلام آباد میں تحریک انصاف کے سینیئر رہنما فواد چوہدری نے  پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’کل مریم نواز نے الزام لگایا کہ بشریٰ بی بی فائلوں پر دستخط کروانے کے پیسے لے رہی تھیں۔ انہوں نے کبھی کسی سیاسی سرگرمی میں حصہ نہیں لیا۔‘
’بشریٰ بی بی نے فیصلہ کیا ہے کہ ان کی طرف سے مریم نواز کو ایک نوٹس بھیجا جائے۔ مریم نواز کے خلاف ہم ساکھ کو نقصان پہنچانے پر پاکستان پینل کوڈ کے تحت فوجداری مقدمہ دائر کروانے جا رہے ہیں۔‘
فواد چوہدری نے کہا کہ ’مسلم لیگ ن کی اندرونی سیاست مذاکرات کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ ن لیگ کے رہنما مریم نواز، خواجہ آصف، جاوید لطیف اور احسن اقبال نہیں چاہتے کہ پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’مریم نواز سپریم کورٹ کے ججز کے خلاف منظم مہم چلا رہی ہیں۔ مریم نواز اور ن لیگ کی مہم نیب ترمیم کی سماعت کرنے والے بینچ کی تحلیل کے لیے ہے۔ نیب ترامیم کالعدم ہو گئیں اور مقدمات بحال ہو گئے تو ان کی اقتدار میں دلچسپی ختم ہو جائے گی۔‘
ان کے مطابق ’سپریم کورٹ کے 15 میں سے آٹھ جج ن لیگ کے نشانے پر ہیں۔ عدالتوں سے کہوں گا کہ اپنے فیصلوں پر عمل کروائیں۔ این آر او 2022 کو بچانے کے لیے سپریم کورٹ کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔‘
فواد چوہدری نے کہا کہ ’عدلیہ کا مافیا سے مقابلہ ہے۔ ججز کسی بلیک میلنگ میں نہ آئیں۔ عوام ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘
چیف الیکشن کمشنر کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ
فواد چوہدری نے کہا کہ ان کی جماعت چیف الیکشن کمشنر کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کرنے جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ایک طرف الیکشن کمیشن کہتا ہے کہ اس کے پاس زہر کھانے کو پیسے نہیں اور دوسری طرف پہلے الیکشن کمشنر نے 10 کا گھر بنانے کا اشتہار دیا اور پھر چھ کروڑ کا اپنا دفتر بنا دیا۔‘
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے بھی الیکشن کمشنر کے خلاف ریفرنس دائر کیا گیا تھا، لیکن اس پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ تحریک  انصاف بدھ کو ایک نیا ریفرنس بھیجے گی۔
انہوں نے کہا کہ ’سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کے احکامات کو اگر شکست ہو رہی ہے تو وہ چیف الیکشن کمشنر کی وجہ سے ہو رہی ہے۔ الیکشن کمشنر ایک سیاسی جماعت کے آلہ کار کا کردار ادا کر رہے ہیں۔‘

شیئر: