Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

القادر ٹرسٹ کرپشن کیس: بشریٰ بی بی نیب میں طلب

نیب نے القادر ٹرسٹ کیس میں بشریٰ بی بی کو بطور گواہ طلب کر لیا تھا۔ (فوٹو: بشکریہ ہم نیوز)
قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی کو القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں بیان ریکارڈ کرانے کے لیے منگل کو طلب کر لیا ہے۔
نیب کی دو رکنی ٹیم نے سنیچر کو نوٹس زمان پارک وصول کروا دیا۔
نیب کی جانب سے دیے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ بشری بی بی کو  یکم اور سات جون کو بھی طلب کیا گیا تھا۔
’بار بار بلوانے پر بھی آپ شامل تفتیش نہیں ہوئے۔ بشری بی بی خاندان کے کسی مرد رکن کے ساتھ  کل 11 بجے نیب دفتر میں پیش ہوں۔‘
نیب نے بشری بی بی کو اپنا بیان ریکارڈ کروانے کی ہدایت کر دی۔
خیال رہے نیب نے القادر ٹرسٹ کیس میں بشریٰ بی بی کو بطور گواہ طلب کر لیا تھا۔
7 جون کی طلبی کے لیے بشری بی بی کو بھجوائے گئے نوٹس میں ان سے 7 جون کو پیش ہو کر بطور گواہ بیان قلمبند کرنے کا کہا گیا تھا۔
بشری بی بی کو نوٹس بطور ملزمہ نہیں، بلکہ بطور گواہ جاری کیا گیا تھا۔  تاہم وہ 7 جون کو پیش نہیں ہوئی تھی بلکہ طلبی کی تاریخ آگے بڑھانے کی درخواست کردی تھی۔
بشریٰ بی بی نے نیب کے نوٹس کے جواب میں کہا تھا کہ ’میری طلبی کے اگلے دن ہی آپ نے میرے شوہر کو بھی بلا رکھا ہے، انہوں نے آپ کو آگاہ کیا کہ وہ 8 جون کو پیش ہوں گے، میں باپردہ خاتون ہوں، گزشتہ سماعت پر بھی شوہر کے ہمراہ آئی تھی، 8 جون کو بھی اپنے شوہر کے ہمراہ ہی پیش ہوں گی۔‘
سابق خاتون اول نے اپنے جواب میں مزید کہا تھا کہ عدالتی حکم کے مطابق شامل تفتیش کرنے کے لیے ٹھوس مواد مہیا کریں۔
’میرے پاس این سی اے اور بحریہ ٹاؤن معاہدے کی معلومات نہیں، ٹرسٹ کو زمین، رقم، عمارت و دیگر امداد ڈونیشن ایگریمنٹ کے تحت ملیں۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ جو دستاویز مجھ سے مانگی گئیں وہ القادر ٹرسٹ کے سی ایف او کے پاس ہیں، القادر ٹرسٹ کی تمام چیزیں سیکریٹری دیکھتے ہیں۔
خیال رہے اس کیس میں عمران خان 8 جون کو نیب راولپنڈی میں پیش ہو کر نیب کی تفتیشی ٹیم کے سامنے 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل کے حوالے سے سوالوں کے جوابات دیے تھے۔  یہ عمران خان کی اس کیس میں نیب میں دوسری پیشی تھی۔

شیئر: