Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شادی سانحے میں بدل گئی، نائجیریا میں کشتی ڈوبنے سے 100 سے زائد ہلاکتیں

نائجیریا میں نقل و حمل اور تجارت کے لیے کشتیوں کا سفر عام ہے (فوٹو: اے ایف پی)
شمالی وسطی نائیجیریا میں شادی کی تقریب سےواپس لوٹنے والے افراد کو لے جانے والی کشتی دریا میں ڈوبنے سے 100 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق مقامی پولیس اور کوارا ریاست کے گورنر آفس نے منگل کو بتایا کہ ’کشتی نائیجر میں ایک شادی کی تقریب سے لوگوں کو کوارا ریاست لے جا رہی تھی جب وہ ڈوب گئی۔‘
پولیس کے ترجمان اوکاسانمی اجے نے ٹیلی فون پر اے ایف پی کو بتایا کہ ’ کشتی کے حادثے میں 103 افراد ہلاک جبکہ 100 سے زائد کو بچا لیا گیا ہے۔‘
ریسکیو کا کام ابھی جاری ہے اور حکام نے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
کوارا ریاست کے گورنر کے آفس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ متاثرین شادی کی تقریب سے کوارہ کے پتگی ضلع واپس آ رہے تھے۔
’گورنر نے کشتی حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور انہوں نے ہلاک ہونے والے تمام افراد کے لواحقین سے دِلی تعزیت کی ہے۔ گورنر ممکنہ طور پر زندہ بچ جانے والوں کی تلاش میں پیر کی رات سے ریسکیو آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔‘
نائجیریا میں بدقسمتی سے کشتی ڈوبنے کے حادثات عام ہیں۔
گذشتہ ماہ شمال مغربی سوکوٹو ریاست میں 15 بچے اُس وقت ڈوب گئے تھے جب وہ لکڑیاں جمع کرنے جا رہے تھے۔
تقریباً ایک سال قبل قریبی گاؤں کے 29 بچے بھی اسی دریا میں ڈوب کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔
گزشتہ دسمبر میں برسات کے موسم میں جنوب مشرقی انامبرا ریاست میں بڑے پیمانے پر سیلاب کے دوران کم از کم 76 افراد اُس وقت ہلاک ہو گئے تھے جب اُن کی کشتی دریا میں ڈوب گئی تھی۔
نائجیریا میں نقل و حمل اور تجارت کے لیے کشتیوں کا سفر عام ہے۔

شیئر: