Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انتخابات وقت پر ہوں گے، بجٹ میں فنڈ مختص کر دیے ہیں: رانا ثنا اللہ

ہمیں پنجاب میں انتخابی اتحاد کسی سے نہیں کرنا چاہیے:رانا ثنا اللہ
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ کی مدت میں توسیع نہیں ہو گی اور الیکشن  میں تاخیر کے بارے میں وزیراعظم شہباز شریف نے کبھی بات نہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے انڈپینڈنٹ اردو کو ایک انٹرویو میں واضح کیا کہ عام انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے اور حکومت نے اس کے لیے بجٹ میں فنڈ بھی مختص کر دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’الیکشن وقت پر ہونے چاہییں اور وقت پر ہی ہوں گے اور الیکشن کا ہونا ملک کے معاشی اور سیاسی استحکام کے لیے ضروری ہے۔‘
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ’پارلیمنٹ کی مدت میں توسیع کر کے کسی نے کیا کرنا؟ الیکشن ہونا چاہیے اور تازہ مینڈیٹ ہونا چاہیے۔‘
نو مئی کے واقعے پر رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ ’فوجی تنصیبات پر حملہ ہوا جو کہ بغاوت تھی اور اس کے موجد عمران خان ہیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’جو موقع سے پکڑے گئے انہیں تو سزا ملنی ہی ملنی ہے تو اسے بھی منصوبہ بندی کرنے کی سزا ملنی چاہیے اور ملے گی۔‘
وفاقی وزیر داخلہ سے پوچھا گیا کہ عمران خان کی جلد گرفتاری ممکن ہے تو انہوں نے جواب دیا کہ ’گرفتاری تو ہو گی۔‘
عمران خان سے مذاکرات سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ’نو مئی کو ہونے واقعات کے بعد مذاکرات نہیں ہو سکتے۔‘
رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ پنجاب میں نئی سیاسی جماعتوں کے بننے سے مسلم لیگ ن کا مخالف ووٹ ہی تقسیم ہو رہا ہے۔
استحکام پاکستان پارٹی کے بننے پر وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف بھی ایسے ہی بنائی گئی تھی۔
’ہمیں پنجاب میں انتخابی اتحاد کسی سے نہیں کرنا چاہیے۔‘
مسلم لیگ ن کے رہنما نے بتایا کہ تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے فرانسیسی سفیر کی واپسی کا مطالبہ نہیں کیا گیا۔
’اس مرتبہ ٹی ایل پی کے مطالبات ناموس رسالت کے تحفظ اور سوشل میڈیا پر موجود توہین مذہب کے مواد سے متعلق ہیں۔‘
’دوسرا مطالبہ ٹی ایل پی کا پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کا ہے جس پر ہم نے انہیں یقین دلایا ہے کہ اس معاملے پر آپ کے ساتھ بات چیت جاری رکھیں گے۔‘
رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ ٹی ایل پی نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کی کوششوں کا مطالبہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی ہمارا بھی مطالبہ ہے اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی پر ظلم اب ختم ہونا چاہیے۔

شیئر: