Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گرین ریاض پروگرام: 75 لاکھ درختوں کی آبپاشی کے لیے 13 ہزار کلو میٹر طویل نیٹ ورک

یومیہ 17 لاکھ مکعب میٹر ٹریمنٹ واٹر فراہم کیا جائے گا ( فو ٹو: عرب نیوز)
سعودی دارالحکومت میں ’گرین ریاض‘ پروگرام کے ایک حصے کے طور پر 75 لاکھ درختوں کی آبپاشی کے لیے 13 ہزار کلو میٹر طویل نیٹ ورک قائم کیا جارہا ہے۔  
اس نیٹ ورک کے ذریعے یومیہ 17 لاکھ مکعب میٹر ٹریمنٹ واٹر فراہم کیا جائے گا۔ 
اخبار 24 کے مطابق اس کا مقصد گرین ریاض اور دارالحکومت میں دیگر ترقیاتی منصوبوں کےلیے پائیدار سبز مقامات کا حصول ہ واٹر نیٹ ورک ریاض شہر کے تمام محلوں کا احاطہ کرے گا۔ یہ چھوٹی اور بڑی لائنوں پر مشتمل ہے۔ 
واٹر نیٹ ورک پروجیکٹ کے کام کو تیز کرنے کےلیے ٹریفک میں خلل ڈالے بغیرجدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جارہا ہے۔ 
 جدید ترین ٹیکنالوجی  کے ذریعے ریموٹ سسٹم کی مدد سے آبپاشی کے نظام کو چلایا جائے گا۔ 
اس پروجیکٹ سے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ بوابہ الدرعیہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی، کنگ سلمان پارک، ریاض ٹریک اور کنگ عبدالعزیز پبلک ٹرانسپورٹ پروجیکٹس استفادہ کریں گے۔ 
واٹر نیٹ ورک کے ذریعے ریاض شہر میں 75 لاکھ سے زیادہ درخت لگائے جائیں گے۔ شہر کے کل رقبے کا 9.1 فیصد حصے میں پودے لگیں گے۔ 

ریاض کے محلوں میں بڑے پیمانے پر شجر کاری کی جائے گی( فوٹو: عرب نیوز)

ریاض کے سبزہ زاروں میں فی کس حصہ 1.7 مربع میٹر سے 28 مربع میٹر تک ہوگا۔ اس وقت ریاض میں درختوں اور پودوں سے جتنا حصہ آباد ہے پروجیکٹ پورا ہونے پر 16 گنا بڑھ جائے گا۔ 
ریاض کے محلوں میں بڑے پیمانے پر شجر کاری ہوگی۔ سعودی وژن 2030 کے مطابق آئندہ عشروں کے دوران مملکت بھر میں دس ارب درخت لگائے جائیں گے۔ 
گرین ریاض پروگرام کے ڈائریکٹر عبدالعزیز المقبل نے کہا کہ درختوں کی آبپاشی کے لیے ری سائیکل شدہ پانی استعمال کیا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ گرین ریاض دارالحکومت کے ان چار بڑے منصوبوں میں سے ایک ہے جو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کےانشیٹو پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مقرر کیے ہیں۔  

شیئر: