Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات: ’بے روزگاری الاؤنس‘ کےلیے 51 لاکھ افراد کا اندراج

انشورنس فیس جمع نہ کرانے پر چار سو درہم جرمانہ ہے (فوٹو: امارات الیوم)
وزارت افرادی قوت و اماراتائیزیشن نے کہا ہے کہ’ بے روزگاری انشورنس پروگرام میں شامل کارکنان اور ملازمین کی مجموعی تعداد 7 ماہ کے دوران 51 لاکھ 40 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے‘۔  
الامارات الیوم کے مطابق بے روزگاری انشورنس پروگرام پر عمل درآمد سال رواں کے ماہ جنوری سے شروع کیا گیا ہے۔ آخری 24 روز کے دوران ایک لاکھ  40 ہزار ملازمین اور کارکنان اس میں شامل ہوئے ہیں۔ 
بے روزگاری سوشل انشورنس سسٹم متحدہ عرب امارات کے سرکاری اور نجی اداروں کے کارکنان اور ملازمین پر نافذ کیا جارہا ہے۔
اس کے تحت بے روزگار کارکن کو تین ماہ تک بے روزگاری الاونس دیا جاتا ہے۔ ہر کارکن سے ملازمت کے دوران اس مد میں مقررہ فیس لی جاتی ہے۔ 
 پروگرام کے تحت جب بھی کوئی کارکن بے روزگار ہوتا ہے تو اسے ملازمت سے محرومی کی تاریخ سے تین ماہ تک اس کی جمع کردہ فیس سے تنخواہ کا 60 فیصد دیا جاتا ہے۔ 
وزارت افرادی قوت و اماراتائیزیشن کے مطابق ’اس نظام کے تحت کارکنان کو تحفظ حاصل ہے۔ اس پروگرام میں شرکت کی ذمہ داری آجر کے بجائے ملازم کی ہوتی ہے۔ انشورنس فیس جمع نہ کرانے پر چار سو درہم جرمانہ ہے۔ اس کا نفاذ یکم اکتوبر سے ہوگا‘۔ 
وزارت کا کہنا ہے کہ ’بے روزگاری کی صورت میں سوشل انشورنس سسٹم دو زمروں پر لاگو ہوتا ہے۔ وہ ملازم ہیں جن کی بنیادی تنخواہ 16 ہزار درہم یا اس سے کم ہے۔ انہیں ہر ماہ 5 درہم جمع کرانے ہوتے ہیں۔ سالانہ انشورنس فیس 60 درہم ہے۔ انہیں ماہانہ انتہائی معاوضہ دس ہزار درہم تک دیا جاتا ہے‘۔
’دوسرے زمرے میں وہ ملازم شامل ہیں جن کی بنیادی ماہانہ تنخواہ 16 ہزار درہم  یا اس سے زیادہ  ہے ان سے ماہانہ انشورنس فیس 10 درہم لیا جاتی ہے۔ سال میں مجموعی رقم 120 درہم وصول کی جاتی ہے‘۔ 

شیئر: